سدارامیا کے ساتھ توہین آمیز سلوک کیخلاف کانگریس برہم

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:گذشتہ روزمڈکیری میں بی جے پی کارکنوں کی طرف سے اپوزیشن لیڈر سدارامیا کی کار پر انڈے پھینکنے اور سیاہ جھنڈا دکھانے کی حرکت سے برہم ضلع کانگریس کمیٹی نے آج کانگریس کے ضلعی صدر ایچ ایس سندریش کی قیادت میں ضلعی سپرٹینڈ آف پولیس دفتر کے بالمقابل جمع ہوکر احتجاج درج کرواتے ہوئے میمورنڈم سونپا۔اس دوران ضلعی صدر ایچ ایس سندریش نے بی جے پی کے خلاف برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سدارامیا کوڈگو ضلع کے عوامی کام کیلئے دورے پر گئے تھے ۔ اس دوران بی جے پی کارکنوں نے ان کی گاڑی پر انڈے پھینکے اور سیاہ جھنڈے دکھائے۔ اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ توہین آمیز سلوک کرنے والے بی جے پی کے کارکنوں کواسکی قیمت چکانی پڑے گی۔انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر ہم کانگریسی کارکن سڑکوں پر نکلیں گے تو وزیر اعلیٰ سمیت بی جے پی کے کسی وزیر کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوراً گرفتار کر کے سزا دی جانی چاہئے ۔ تاکہ آئندہ ایسے واقعات کو رونما ہونے کا موقع نہ ملے۔ اس کیلئے ضلع انتظامیہ کو سخت اقدام اٹھانے چاہئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سابق وزیر اعلیٰ کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا وہ پولیس کی ناکامی کا نتیجہ ہے۔مزید الزام لگایا کہ بی جے پی کارکنوں نے اپوزیشن پارٹی کے لیڈر کی کارپر انڈے پھینک کر جمہوریت مخالف پالیسی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بی جے پی نے اپنی کمزوری کا مظاہرہ کیا ہے۔ ریاست بھر میں رونما ہورہے کشیدہ ماحول اور شیموگہ شہر میں ہونے والے فسادات کی اصل وجہ بی جے پی قائدین اورکارکنوں کی سازش کا نتیجہ ہے۔ انکے قائدین خود ماحول اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ رکن اسمبلی ایشورپا خود اپنے کارکنوں کو تشدد کیلئے اُکساتے ہیں جس کی وجہ سے یہاں ہر مرتبہ کوئی نہ کوئی بوال کھڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایشورپا کو فوری طور پر گرفتار کیا جانا چاہئے اورانہیںشہر کے امن وامان میں خلل پیدا کرنے کے الزام میں سخت سزا دی جانی چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ہمارے قائد سدرامیا کے ساتھ جو سلوک ہوا ہے اس کے خلاف اعلیٰ پیمانے پر احتجاج کرنا چاہئے تھا لیکن شیموگہ میں سیکشن 144کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے ہم صرف احتجاجی درخواست دے رہے ہیں۔اس موقع پرضلعی سطح کے کانگریس لیڈران موجودتھے۔