پنجاب دہشت گرد سرگرمیوں کا گڑھ:کنگنارانوت

سلائیڈر نیشنل نیوز

چندی گڑھ:۔وزیر اعظم نریندر مودی کی سکیورٹی میں بدھ کو سنگین کوتاہی ہوئی۔ پی ایم مودی پنجاب میں سڑک سے جاتے ہوئے سکیورٹی کی سنگین خرابی کی وجہ سے تقریباً 20 منٹ تک فلائی اوور پر پھنس گئے۔ اس معاملے کے بعد جہاں بی جے پی پنجاب حکومت پر سنگین الزامات لگا رہی ہے۔ وہیں پنجاب حکومت نے بھی اس معاملے میں ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے لیکن اب معاملہ عدالت تک پہنچ گیا ہے۔ اس معاملے پر بالی ووڈ کی ‘پنگا کوئین کنگنا رانوت کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انہوں نے پی ایم مودی کی سکیورٹی میں کوتاہی کو شرمناک قرار دیا ہے۔کنگنا رانوت نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا ہے۔ کنگنا نے اس معاملے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک پوسٹ شیئر کی۔ اداکارہ نے لکھا- ‘پنجاب میں جو کچھ ہوا وہ شرمناک ہے۔ وزیر اعظم جمہوری طور پر منتخب لیڈر/نمائندہ/1.4 ارب عوام کی آواز ہیں۔ ان پر حملہ ہر ہندوستانی پر حملہ ہے، یہ ہماری جمہوریت پر بھی حملہ ہے، پنجاب دہشت گردانہ کارروائیوں کا گڑھ بنتا جا رہا ہے، اگر ہم نے انہیں اب نہ روکا تو قوم کو اس کی بڑی قیمت چکانی پڑے گی۔ کنگنا کی یہ پوسٹ اب سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔ وہیں، فیروز پور پہنچنے کے لیے پی ایم نریندر مودی کے راستے کے لیک ہونے کے معاملے پر سیاست مسلسل گرم ہو رہی ہے۔ بی جے پی پنجاب حکومت پر مسلسل حملہ کر رہی ہے، مظاہرین کو پی ایم مودی کے راستے کا کیسے پتہ چلا؟کنگنا نے کئی مواقع پر پی ایم مودی کی کھل کر تعریف کر چکی ہیں۔ کسانوں کے احتجاج کے دوران بھی انہوں نے کئی پوسٹ شیئر کیں اور مظاہرین کو خالصتانی تک کہ دیا تھا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ کنگنا کو پنجاب میں بھی مظاہرین نے گھیر لیا تھا۔ گزشتہ ماہ ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں ان کی گاڑی کچھ لوگوں کے بیچ میں پھنسی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ کنگنا نے بتایا تھا کہ انہیں معافی مانگنے کو کہا گیا تھا اور احتجاج کرنے والے لوگ خود کو کسان بتا رہے تھے۔