اسکولوں میں عید میلاد منانے کی اجازت، نماز کیلئے الگ کمرےمنظورکئے جائیں: کرناٹک وقف بورڈ کا مطالبہ

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔حجاب تنازعہ کے بعد، کرناٹک کا تعلیمی شعبہ ایک اور بحران کے لیے تیار ہے، ریاستی وقف بورڈ نے اب مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ تعلیم انہیں گنیش اتسو کی طرح اسکولوں میں عید میلاد منانے کی اجازت دے۔ وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے جمعرات کو کہا کہ اسکولوں میں کسی بھی مذہبی تقریب کی اجازت نہیں ہے۔ اس طرح کی اجازت ابھی تک نہیں دی گئی ہے اور وقف بورڈ کے مطالبہ پر غور نہیں کیا جائے گا۔ ناگیش نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے گنیش اتسو منانا شروع نہیں کیا ہے۔ اسکولوں میں بھگوان گنیش کی مورتی آزادی سے پہلے کے دور سے رکھی جاتی رہی ہے۔بتا دیں کہ شفیع سعدی کی سربراہی میں وقف بورڈ نے محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نماز پڑھنے کے لیے اسکولوں میں الگ کمرہ الاٹ کرے۔ شفیع سعدی نے مطالبہ کیا کہ ”ہمارے مذہب کے تہوار منانے کا موقع ہونا چاہیے، تمام مذاہب کے بچوں کو یکساں حقوق ملنے چاہئیں ”۔ انہوں نے کہا، ”حجاب کے بحران کے دوران بھی، ہم نے واضح کیا تھا کہ مذہبی معاملات کے بارے میں بیداری پیدا کرکے غلط فہمیوں کو دور کیا جانا چاہیے۔ جس طرح گنیش اتسو منایا جاتا ہے، اسی طرح اسلام پر عمل کرنے کے لیے ایک کمرہ رکھا جانا چاہیے۔”ساتھ ہی آپ کو بتاتے چلیں کہ اس سے پہلے جب ملک میں حجاب کا معاملہ گرم تھا تو لوگ دو حصوں میں بٹ گئے تھے۔ ساتھ ہی کچھ لوگ یہ بھی کہہ رہے تھے کہ جو لوگ حجاب پہننا چاہتے ہیں وہ الگ اسکول بھی بنا سکتے ہیں۔ ایسے میں کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ کی میٹنگ میں اس سے متعلق فیصلہ لیا گیا۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ وقف بورڈ کی ایسی خالی اراضی کو ریاست کے ان تمام اضلاع میں تلاش کیا جائے جہاں اسکول بنائے جاسکتے ہیں۔وقف بورڈ کے چیئرمین مولانا شفیع سعدی نے کہا تھا کہ مسلم لڑکیاں حجاب پہن کر اسکول نہیں جا رہی ہیں، جب کہ حجاب اسلام کا لازمی حصہ ہے، اس لیے ہمیں کچھ کرنا ہوگا۔ اس لیے ضلع وقف دفتر سے معلومات لینی پڑتی ہیں کہ کہاں جگہ خالی ہے تاکہ وہاں خواتین کے کالج بنائے جا سکیں۔