دہلی: دہلی کی ساکیت عدالت نے منگل کو قطب مینار کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والی مداخلت کی درخواست کو خارج کر دیا۔درخواست میں آگرہ سے میرٹھ، علی گڑھ، بلند شہر اور گڑگاؤں میں جمنا اور گنگا ندیوں کے درمیان کے علاقوں پر حقوق مانگے گئے تھے۔یہ درخواست قطب مینار کمپلیکس میں مبینہ مندروں کی بحالی کی اپیلوں کے سلسلے میں دائر کی گئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی قطب مینار کمپلیکس کے اندر ہندوؤں اور جینوں کے لیے عبادت کا حق مانگنے والی اپیل پر عدالت نے کہا کہ اس معاملے کی سماعت 19 اکتوبر کو ہوگی۔قبل ازیں 13 ستمبر کو عدالتی کاروائی میں، اے ایس آئی نے دلیل دی تھی کہ مداخلت کی درخواست کو اس بنیاد پر خارج کر دیا جائے گا کہ درخواست گزار مہندر سنگھ نے اپیل میں خاص طور پر کسی حق کا دعویٰ نہیں کیا ہے اور اسے بطور فریق ہونے کا کوئی حق نہیں ہے۔ اے ایس آئی نے مزید دلیل دی کہ سنگھ نے بڑے اور وسیع علاقوں پر حقوق کا دعویٰ کیا۔ ایس آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ سال دہلی ہائی کورٹ نے سلطانہ بیگم کی طرف سے لال قلعہ پر اپنے حق کا دعویٰ کرتے ہوئے دائر اسی طرح کی ایک عرضی کو خارج کر دیا تھا۔ اس میں اس نے اپنے آپ کو آخری مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر دوم کے پوتے کی بیوہ ہونے کا دعویٰ کیا۔
