پنجی: گوا کی ایک مقامی عدالت نے جمعہ کو ’تہلکہ‘ میگزین کے سابق ایڈیٹر ان چیف ترون تیج پال کو عصمت دری کے الزامات سے بری کر دیا۔ تیج پال پر ان کے میگزین کی ایک جونیئر خاتون صحافی نے 2013 میں فائیو اسٹار ہوٹل میں زیادتی کا الزام عائد کیا تھا۔تیج پال کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ اس فیصلے کے بعد تیج پال کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے ان کے مؤکل کو تمام الزامات سے بری کردیا ہے لیکن ابھی تک آرڈر کی کاپی نہیں دی گئی ہے۔ وکیل کا کہنا ہے کہ آرڈر کی کاپی بعد میں اپ لوڈ کی جائیگی۔شکایت کرنے والی خاتون صحافی کے مطابق یہ واقعہ 7 نومبر 2013 کو پیش آیا جب تیج پال نے ایک لفٹ میں صحافی کے ساتھ دست درازی کی تھی ۔ اس وقت یہ معاملہ کافی چرچے میں آیا تھا۔ گوا پولیس نے 20 نومبر کو اس معاملہ میں تیج پال کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی ، جس میں اس پر عصمت دری کا الزام لگایا گیا تھا۔یہاں ایک مقامی عدالت میں پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد تیج پال کو 30 نومبر2013 کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد تیج پال کو آٹھ ماہ پولیس اور عدالتی تحویل میں رہنا پڑا۔ اس معاملے میں گوا پولیس کرائم برانچ نے2846 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ دائر کی تھی ، لیکن بعد میں سپریم کورٹ نے تیج پال کو ضمانت پر رہا کردیا۔اس معاملہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے گوا کے وزیر اعلی پرومود ساونت نے کہا کہ ریاستی حکومت ضلعی عدالت کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کرے گی۔
