دہلی:۔ : اس وقت پورا ملک کورونا وائرس کے وبا کی دوسری لہر کا شکار ہے۔ اس وبا کی وجہ سے اب تک دو لاکھ 91 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جبکہ 30 لاکھ 27 ہزار 925 افراد زیر علاج ہیں۔ جب سے ملک میں کورونا وائرس شروع ہوا ہے ، عالمی ادارہ صحت سے لے کر ملک کی حکومتیںلوگوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بیداری مہم بھی چلائی جارہی ہے۔ اس کے باوجود اس کے عوام بہتری کے لئے تیار نہیں ہیں۔مرکزی وزارت صحت نے اطلاع دی ہے کہ ایک تحقیق کے مطابق 50 فیصد لوگ اب بھی ماسک نہیں پہنتے ، جبکہ کورونا کی دوسری لہر اب تقریبا تمام طبقے کے لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔ وزارت صحت نے یہ بھی بتایا ہے کہ 64 فیصد لوگ ایسے ہیں جو صرف منہ چھپانے کے لئے ماسک پہنتے ہیں ناک کو نہیں۔اس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ صرف 14 فیصد لوگ صحیح طریقے سے ماسک پہنتے ہیں ، جس میں ناک ، منہ اور ٹھوڑی چھپی رہتی ہے۔ جبکہ بیس فیصد لوگ صرف ٹھوڑی پر ماسک پہنتے ہیں اور دو فیصد لوگ ماسک کو گردن پر لٹکائے رہتے ہیں۔ واضح رہے کہ مئی 2021 میں کورونا میں کا قہر ایسا برپا ہوا کہ محض 19 دن میں ہی 75 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے۔ اعدادوشمار کے مطابق مہاراشٹر میں سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ اس کے بعد کرناٹک ،دہلی ، اتر پردیش اور تمل ناڈو میں ہوئی ہیں۔ مہاراشٹرا میں گزشتہ19 دنوں میں 15 ہزار 558 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ کرناٹک میں 7 ہزار 783 افراد ، دہلی میں 6 ہزار 199 ، اترپردیش میں 5 ہزار 782 اور تامل ناڈو میں 4 ہزار 688 افراد ہلاک ہوئے۔
