بنگلورو:(مدثراحمد):۔کانگریس کی بھارت جوڑو یاتراکے مقابلے میں بی جے پی نے جنا سنکلپ یاترانکالنے کا فیصلہ کیاہے جو سینٹرل اور نارتھ کرناٹکا میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے۔وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے بھارت جوڑو یاترا پر نشانہ سادھتے ہوئے کہاکہ بھارت جوڑویاترا سے نہ تو ملک کو متحد کرنا کانگریس کا مقصدہے اورنہ ہی اس سے غریبوں کاکوئی فائدہ ہوگا،البتہ راہول گاندھی اپنے سیاسی مستقبل کو چمکانے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایاکہ راہول گاندھی کو آخر پدیاتراکرنے کی کیا ضرورت آپڑی؟،دراصل راہول گاندھی اپنے سیاسی وجود کو برقراررکھنے کیلئے یہ یاترا کررہے ہیں اور عام لوگو ں کو لیکر اپنا سیاسی چہرہ ظاہر کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں ۔بھارت جوڑو یاترا سے نہ تو ملک کا بھلا ہورہاہے نہ ہی غرباء و پسماندہ طبقات کو کوئی فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ بسواراج بومئی نے رائچورمیں منعقدہ سنکلپ یاترامیں بات کرتے ہوئے کہاکہ مزیدکہا کہ ہم اپنے جنا سنکلپ یاتراکے ذریعے ہماری حکومت کے منصوبوں کو عوام کے سامنے پیش کرنا چاہ رہے ہیں۔جنا سنکلپ یاتراکی نمائندگی کررہے سی ایم بسواراج بومئی اور سابق سی ایم بی ایس یڈی یورپانے کانگریس کے بھارت جوڑو یاتراکی شدید تنقیدکی ۔انہوں نے کہاکہ آ ج جس پسماندہ ذاتوں،طبقوں اور غریبوں کی بات کانگریس کررہی ہے اُنہیں طبقات کا اب تک کانگریس نے استحصال کیا ہے،ہم کانگریس کی بھارت جوڑویاترا کی مقابلے میں اپنی یاترانہیں کررہے ہیں،بلکہ ہمارا یہ منصوبہ پہلے سے ہی طئے شدہ تھا۔بسواراج بومئی نے سدارامیا پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ سدارامیا اپنے آپ کو دلتوں ،پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے رہنماء کہلاتے ہیں اور وہ سوشیلسٹ فکر رکھنے والے کہلوانا چاہتے ہیں،لیکن ان کی سوشیلزم اُسی وقت دفن ہوگئی تھی جب وہ کانگریس میں شامل ہوئے۔آج سدارامیا اپنے وجود کو برقرار رکھنے کیلئے راہول گاندھی کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں،اگر وہ کہتے ہیں کہ بیٹھ جائو تو وہ بیٹھ رہے ہیں ، اگرکھڑے ہونے کیلئے کہتے ہیں تو کھڑے ہوجاتے ہیں،یہ لوگ اقتدار حاصل کرنے کیلئے تمام طرح کی کسرتیں کررہے ہیں۔ریاست میں کانگریس اپنا وجود کھوچکی ہے ، ہم نے دلتوں اور پسماندہ طبقات کیلئے6 فیصدکا ریزرویشن بڑھایاہے،جبکہ کانگریس نے پچھلے پچاس ساٹھ سالوں سے ان طبقات کیلئے کچھ نہیں کیاہے۔سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپانے کہاکہ آنے والے اسمبلی سیشن میںسدارامیا کی حقیقت کو عوام کے سامنے پیش کرینگے،اُن کے دورِ حکومت میں ہونے والے گھوٹالوں اور بدعنوانیوں کا پردہ فاش کرینگے۔رئیل ایسٹیٹ میں کروڑوں روپیوں کی سرمایہ داری،قیمتی گھڑی کہاں سے آئے؟۔ سدارامیا وزیر اعظم نریندرمودی کی تنقید کرتے ہیں،لیکن سدارامیاکے پاس وزیر اعظم کے قدموں تلے بیٹھنے کی بھی صلاحیت نہیں ہے،جبکہ نریندرمودی کے سامنے چھوٹا بچہ مانے جانے والے راہول گاندھی کو مودی کی تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں ہے،یڈی یورپانے کہاکہ ہماری سنکلپ یاترا آنے والے انتخابات کیلئے ایک بنیاد بنے گی اور ریاست میں ہم150 سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرینگے۔
