منگلورو:۔ رکنِ اسمبلی اور سابق ریاستی وزیر یو ٹی قادر نے الزام لگایا ہے کہ ریاست میں عوامی تقسیم کاری نظام (پی ڈی ایس) مکمل طور پر ناکارہ ہو چکا ہے۔ایک ایسے وقت جب کووِڈ 19- کی وجہ سے لوگ پہلے ہی سے بہت پریشان ہیں، ریاستی حکومت غریبوں اور ضرورت مندوں میں راشن کارڈ تقسیم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔منگلورو میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ قانون کا مقصدجسے حقِ غذا قانون بھی کہا جاتا ہے، کم قیمت پر غریبوں کو غذائی اجناس فراہم کرنا ہے۔ لیکن افسوس کہ راشن کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے لوگ اپنا یہ حق حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے غریب غذائی اجناس کا بے چینی کے ساتھ انتظار کر رہے ہیں۔ انہیں الگ الگ مقامات پر دوڑایا جا رہاہے۔انہوں نے سوال کیا کہ ریاستی وزراء اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ارکان اسمبلی اس کے خلاف آواز کیوں نہیں اٹھا رہے ہیں؟انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کو واضح طور پر بتائے کہ وہ راشن کارڈ جاری کرنے میں ناکام کیوں ہے اور جلد سے جلد انہیں جاری کرے۔مزید انہوں نے حکومت سے مانگ کی کہ وہ سطحِ غریبی سے نیچے (بی پی ایل) کارڈز منسوخ کرنے کا سلسلہ فوری روک دے۔قادر نے ریاستی حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ساحلی اضلاع اور ملناڈ علاقے کے کارڈ رکھنے والوں کو پی ڈی ایس کے ذریعہ سفید چاول کی بجائے ابلے ہوئے (پار بائلڈ) چاول فراہم کرے۔ان کا کہنا ہے کہ چاول کے ساتھ ساتھ تور دال اور مونگ کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔
