کانگریس ایم ایل اے کی ٹکٹ کیلئے عرضیاں مطلوب،عرضی کی فیس2 لاکھ روپئے

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔کانگریس پارٹی آنے والےاسمبلی انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کرچکی ہے،اس کیلئے ایم ایل اے ٹکٹ کےخواہشمندوں سے عرضیاں طلب کی گئی ہیں،عرضیاں حاصل کرنے کے خواہشمند اراکین کو 2 لاکھ روپئے کی فیس اداکرنی ہوگی ۔اس بات کی اطلاع کے پی سی سی کے صدر ڈی  کے شیوکمارنے دی ہے۔انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ عرضی حاصل کرنے کیلئے پانچ ہزار روپئے کی فیس اداکرنی ہوگی اورعرضی پُر کرنے کے بعد 2 لاکھ روپئے کی ڈی ڈی اور پارٹی کی رکنیت کا فارم جمع کرناہوگا،جبکہ ایس سی ایس ٹی کیلئے50 فیصدکی رعایت دی گئی ہے۔اس رقم کو پارٹی فنڈ میں جمع کیاجائیگا۔مزید انہوں نے کہاکہ 2023 کے انتخابات کیلئے موجودہ اراکین اسمبلی کے ساتھ کوئی بھی دعویدار عرضی جمع کرسکتاہے،یہاں عرضی ڈالنے سے قبل یہ سوچناہوگاکہ میری عرضی سے کہیں پارٹی کو کوئی نقصان نہ ہو،پارٹی سے بڑھ کر کوئی نہیں ہے۔کئی لوگ کانگریس پارٹی کی رکنیت حاصل کرنے کیلئے بے تاب ہیں اس وجہ سے جلد ہی آن لائن ممبر شپ کا آغازکیاجائیگا،جو2لاکھ روپئے کی رقم ہم لے رہے ہیں وہ اپنی پارٹی کے اخراجات کیلئے ہونگے جس میں انتخابی تشہیر،اشتہارات اور پارٹی آفیس کی تعمیر کیلئے استعمال کیاجائیگانہ کہ اس رقم کو ہم صحافیوں میں تقسیم کرینگے اورنہ ہی فرنٹ پیج اشتہار دینے کیلئے ہمارے پاس پیسے ہیں۔پارٹی میں یہ طئے ہے کہ کوئی بھی20 ہزارروپئے سے زیادہ کی رقم نقدشکل میں نہ لے۔اس وقت پارٹی کو الیکشن بانڈبھی نہیں آرہے ہیں،کیونکہ تمام فنڈس کو بی جے پی والے حاصل کررہے ہیں،اس لئے ہم کارکنوں سے گذارش کرتے ہیں کہ پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے اراکین پارٹی کیلئے چندہ دیں۔مزید انہوں نے کہاکہ دوسری پارٹیوں کے کچھ لیڈران ہماری پارٹی میں آنے کیلئے تیارہیں،لیکن ان کے نام فی الحال ظاہرنہیں کرونگا۔