شیموگہ: (انقلاب نیوزبیورو):۔زندگی میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کیلئے تعلیم کے علاوہ دوسرا کوئی متبادل راستہ آپ کے پاس نہیں ہے۔ کامیابی کیلئے تعلیم کا ہونا بے حد ضروری ہے۔ اسی لئے طالب العلموں کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ صرف اپنی تعلیم پر ہی توجہ دیں اوردیگر بری عادتوں سے بچیں۔ان باتوں کا اظہار ڈپٹی کمشنر کے بی شیوکمار نے کیا ہے۔ انہوں نے آج دُرگی گڑی کی سرکاری ہائی اسکول میں محکمہ تعلیم عامہ ، محکمہ پولیس اور ڈسٹرکٹ لیگل سرو س اتھارٹی کی جانب سے منعقدہ منشیاتی مصنوعات ، قوانین اور سزاکے متعلق بیداری پروگرام میں بطور مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میںکہا کہ اگر آپ نشے کے عادی ہیں تو آپ اکیلے نہیںبلکہ اپنے ساتھ ساتھ پورے خاندان کو بھی مشکل میں ڈال رہے ہیں۔ آپ کے ارد گرد کوئی بھی منشیات ، جیسے گانجہ، اسمگلنگ یا لالچ کے ذریعہ فروخت کیلئے اکسانا، یا پھر فروخت کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کرنے والے نظرآئیں تو فوراً پرنسپل یا پولیس کو رپورٹ کردیں۔آپ کا نام راز میں رکھا جائے گا۔مزید انہوں نےکہا کہ اگر کوئی شخص ایک بار نشے کی لت میں گرفتار ہوجاتا ہے تویہ زندگی بھر معاشرے کیلئےایک بدنما داغ بن جاتا۔ لہٰذا نشے کی لت کا شکار نہ ہوںاور سماج کیلئے ایک بہترین شہری بنیں۔ اجلاس میں شریک سینئرڈسٹرکٹ این سیشن کورٹ جج مصطفیٰ حسین ایس اے نے بات کرتے ہوئے کہا کہ طالب العلموںمیں بیداری لانے کے مقصد سے اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔2اکتوبرسے 14 نومبر تک منشیاتی اشیاء کے بارے میں طلباء کیلئے خصوصی پیغام دیتے ہوئے ایک مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے نصیحت کی ہے کہ طالب العلموں میں اگر کوئی یا آپ کے بھائی بہن یا رشتہ دارو ں میں اگر کوئی نشہ آور چیزوں کا استعمال کررہا ہے تو فوراً اس کی معلومات اپنے والدین یا اپنے اساتذہ کو دیں تاکہ شروعات میں ہی اسکو روکنایقینی بنایا جاسکے۔اس اجلاس میں سیول جج اور لیگل سروس اتھارٹی کے رکن وسکریٹری کے این سرسوتی ،دوسری اڈیشنل جج کرپا سی ایل، ضلع پنچایت سی ای او ایم ایل ویشالی وغیرہ موجودتھے۔
