ای ڈی نے جاری کیا ڈی کے شیوکمار کو سمن

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کرناٹک کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار کو منی لانڈرنگ کیس میں تازہ سمن جاری کیا ہے۔جانچ ایجنسی نے کانگریس کے سنئیر لیڈرکو 7 نومبر کو ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کے لیے طلب کیا ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر کو مالی جرائم کی تحقیقات کرنے والی وفاقی ایجنسی کے دہلی ہیڈ کوارٹر میں حاضر ہونے کو کہا گیا ہے۔ ای ڈی نے 7 اکتوبر کو نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ کیس میں شیوکمار اور ان کے ایم پی بھائی ڈی کے سریش کے چار گھنٹے سے زیادہ کے بیانات ریکارڈ کیے تھے۔ اس معاملے میں کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور ان کے بیٹے راہول گاندھی سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔شیوکمار اور ان کے بھائی کے بیانات اس وقت ریکارڈ کیے گئے جب کانگریس کی جاری ‘بھارت جوڑو یاترا’ کرناٹک سے گزر رہی تھی۔ پچھلے مہینے ای ڈی کی طرف سے پوچھ گچھ کے بعد، شیوکمار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ان سے ینگ انڈین (ایسی کمپنی جو نیشنل ہیرالڈ کی مالک ہے)، ان کے کنبہ کے ممبران اور ان سے وابستہ اداروں کے بارے میں ”بہت سارے سوالات” پوچھے گئے تھے۔کے پی سی سی کے 60 سالہ صدر نے کہا تھا ”میں نے متعلقہ دستاویزات نہیں رکھے تھے اور جلد از جلد ای میل کے ذریعے انہیں (ای ڈی کو) بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔”شیوکمار 19 ستمبر کو دہلی میں ای ڈی کے سامنے بھی پیش ہوئے تھے، جہاں ان سے غیر متناسب اثاثوں کے مبینہ قبضے سے متعلق ایک اور منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی گئی تھی۔