بنگلورو:۔انتخابات کے دوران ٹربل انجن بی جے پی حکومت اپنی بدعنوانیوں اور ناکامیوں کو چھپانے کیلئے مجسموں کی سیاست کررہی ہے اور تاریخی شخصیات کو سامنے رکھ کر اپنی سیاست چمکا رہی ہے۔یہ الزام کے پی سی سی کے صدر ڈی کے شیوکمارنے لگایاہے۔انہوں نے اس تعلق سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کی بدعنوانیوں اور کارگردگیوں کی حقیقت ریاست کی عوام کے سامنے آچکی ہے ، ریاست کے وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی وزیر اعظم نریندرمودی کے ہاتھوں کیمپے گوڈا مجسمے کی نقاب کشائی ،کنکا داس اور والمیکی جیسے تاریخی شخصیات کی گل پوشی کرنے سے اُس سماج کا پیٹ نہیں بھریگا بلکہ اُن کے مسائل حل کرنے ہونگے،مزید انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی کے کہنے کے مطابق کسانوں کی آمدنی ڈبل نہیں ہوئی ہے،بلکہ خرچ ٹربل ہوا ہے ،کوویڈ متاثرین کو جس معاوضہ کااعلان کیاگیاتھا وہ اعلان اب بھی عملی طو رپر پورانہیں ہوا،اچھے دن کے انتظارمیں اب بھی لوگ قطارمیں کھڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے بی جے پی کوصلاح دی کہ وہ مجسموں کی سیاست چھوڑکرترقی کی سیاست کریں۔
