بی جے پی کیمپے گوڑا کا نام سیاست کے لیے استعمال کر رہی ہے: جے ڈی ایس

اسٹیٹ نیوز
بنگلورو:۔ریاستی جے ڈی-ایس نے سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کو بین الاقوامی ہوائی اڈے کے احاطے میں نداپربھو کیمپے گوڑا کے کانسی کے مجسمے کی نقاب کشائی کے پروگرام میں مدعو نہ کرنے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ جے ڈی ایس نے ٹویٹ کیا ہے کہ کیمپے گوڑا کے بعد بنگلور کی ترقی میں دیوے گوڑا کی شراکت کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔دیوے گوڑا ریاست کے واحد لیڈر ہیں جو وزیر اعظم بنے ہیں۔ دیوے گوڑا کو مدعو نہ کرکے بی جے پی حکومت نے ایک طرح سے ان کی توہین کی ہے۔ دیوے گوڑا کو مجسمہ کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔ لیکن نقاب کشائی کے پروگرام میں مدعو نہ کرکے ریاست کی ووکلیگا برادری کی بھی توہین کی گئی ہے۔پارٹی نے کہا ہے کہ کیمپے گوڑا کے مجسمے کی نقاب کشائی کے لیے وزیر اعظم کی موجودگی ریاست کے شہریوں کے لیے فخر کی بات ہے۔ لیکن دیوے گوڑا کو مدعو نہ کرنے سے ریاست کے شہریوں کو تکلیف پہنچی ہے۔ نقاب کشائی کا پروگرام بی جے پی کے پروگرام جیسا تھا۔ کیمپے گوڑا کا نام صرف اسمبلی انتخابات کو ذہن میں رکھ کر استعمال کیا جا رہا ہے۔ کیمپے گوڑا کا نام سیاست کے لیے استعمال کرنا مناسب نہیں ہے۔