دہلی: جج کو آسان اور کم لاگت بنانے کی کوشش کے ساتھ اب حکومت ہند نے عازمین کے لیے مزید سہولیات مہیا کرانے کا بیڑا اٹھایا ہے – اس کا اعلان حج کمیٹی آف انڈیا کی حج کانفرنس 2023 میں کیا گیا ہے ۔مرکزی اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی کی صدارت میں منعقدہ اس میٹنگ میں حج کوہموار، خوشگوار اور کم لاگت بنانے پر بات کی گئی ۔حج کانفرنس میں ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین اور سی ای اوز، حج کمیٹی آف انڈیا کے سینئرافسران، اقلیتی امور کی وزارت کے حکام، وزارت خارجہ کے حکام، سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر اور قونصل خانوں نے شرکت کی۔اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے کہا کہ حج کے سفر کو عازمین حج کی سہولت کے مطابق بنانے ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کے سفر کو سستا، آسان اور پرلطف بنانے کی ضرورت ہے، حج کی ادائیگی پر فی حاجی 4 لاکھ روپے خرچ آتا ہے، اسے کم از کم 3 لاکھ روپے تک لائے جانے کی ضرورت ہے۔ذرائع کے مطابق اسمرتی ایرانی نے دو باتوں پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ پہلی یہ کہ عازمین کو جو بگیج اور چھتری دی جاتی ہے اس کے عوض میں عازمین سے ہزاروں روپے وصول کیے جاتے ہیں۔ دوسرا یہ کہ سبھی کو ان کی مرضی کے ہوائی اڈے سے بھیجا جائے۔ اس سے نہ صرف عازمین کے اخراجات کم ہوں گے بلکہ اس سے انہیں بہتر سہولیات بھی مہیا کی جا سکیں گی۔اسمرتی ایرانی بگیج سے متعلق کی گئی بدعنوانی کی تفتیش بھی کرانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے اس معاملے کی انکوائری کرنے کی بات بھی کی ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اب بگیج کمیٹی نہیں دے گی حاجی خود لے کر آئیں گے کمیٹی کوئی رقم نہیں لے گی۔سفری مقامات کی تعداد میں اضافہ کرنا تاکہ عازمین حج کے لیے براہ راست اپنے گھروں کے قریب پروازمل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے عازمین حج کو حج کے سفرپر جانے میں آسانی ہوگی۔ میٹنگ میں حج سے متعلق تمام بے ضابطگیوں کی جانچ کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔اتر پردیش حج کمیٹی کے چیئرمین محسن رضا نے کہا کہ آج ہونے والی کانفرنس میں اور بھی کئی فیصلے لیے گئے ہیں، جس میں یہ کہا گیا کہ عازمین حج کو دیے جانے والے سامان کے ریٹ کم کرنے یا یہ ذمہ داری عازمین حج پر چھوڑنے کی بھی بات ہوئی ہے۔معلم کی فیس میں بھی کمی کی جاسکتی ہے۔ سعودی عرب میں رہائش اور نقل و حمل کے اخراجات کو کم کر کے حج کو سستا بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمبریکیشن پوائنٹ کو کم کرنے کے لیے پہلے کیے گئے فیصلے پر بھی اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ امبارکیشن پوائنٹ کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ مسافروں کو اپنے گھر کے قریب پرواز کرنے کی سہولت مل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ایمبریکیشن پوائنٹ کی دوری کی وجہ سے بہت سے مسافروں کو وہاں تک پہنچنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
