بھٹکل : انجمن سوِل انجینئرنگ کے طلبہ نے انجام دی سڑک کے گڈھے بھرنے کی کارروائی

اسٹیٹ نیوز

بھٹکل:۔انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ میں سوِل انجینئرنگ شعبہ میں زیر تعلیم طلبہ نے انجمن آباد روڈ اور نیشنل ہائی وے 66 پر انجمن کالج کراس روڈ کے تین مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں پر موجود گڈھوں کو بھرنے کی کارروائی انجام دی ۔سکینڈ ایئر سے فائنل ایئر تک زیر تعلیم 40 طلبہ کے گروپ نے 4 ٹیموں کی شکل میں پروفیسر ودیادھر این ، منوہر بی اور پرتیبھا جی کے علاوہ انسٹرکٹرس سدانند ایم جی، پانڈو نائک، موہن نائک اور منجو ناتھ ڈی بی کی نگرانی میں اس سرگرمی میں حصہ لیا ۔ اس پوری کارروائی کو پروفیسر چیدانند نائک ایچ او ڈی کی رہنمائی میں انجام دیا گیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر چیدانند نائک نے بتایا کہ اس سرگرمی کا مقصد سوِل انجینئرنگ طلبہ کے اندر سڑک کے کھڈوں سے پیش آنے والے حادثات کے تعلق سے بیداری پیدا کرنا تھا ۔ عوامی مفاد کے لئے ایک اہم کارپوریٹ سوشیل ریسپانسیبلیٹی کی طرف توجہ دینے اس کارروائی کو بحسن و خوبی انجام دینے پر پرنسپال ڈاکٹر کے فضل الرحمٰن اور رجسٹرار پروفیسر زاہد کھروری نے طلبہ کی ستائش کی۔