دہلی :۔ بی جے پی گجرات میں مسلسل ساتویں بار اقتدار میں آئی ہے۔ اسمبلی انتخابات کے بارے میں جو بات دلچسپ ہے وہ یہ ہے کہ بی جے پی کے امیدواروں نے ان حلقوں میں کامیابی حاصل کی ہے جن میں مسلم آبادی کی بڑی آبادی ہے جبکہ انتخابات میں اقلیتی ووٹوں کی کوئی تقسیم نہیں تھی۔ جو اس بات کا پیغام ہے کہ مسلمانوں نے بی جے پی کو ووٹ دئیے اور پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنایاہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بی جے پی کو سب سے زیادہ ووٹ مسلم اکثریتی علاقوں سے ملے۔ گجرات اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے ایک بھی مسلم امیدوار کھڑا نہیں کیا۔ گجرات میں مسلم اکثریتی 10 میں سے 8 سیٹوں پر بی جے پی نے قبضہ کر لیا ہے۔ بی جے پی کی جھولی میں جو ووٹ آئے جن کی بدولت گجرات اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت درج کی۔ بی جے پی نے تقریبا اپوزیشن کا صفایا کردیا۔ جس کے سب دعوی دھرے کے دھرے رہ گئے۔عام آدمی پارٹی کا خواب ہوا ہوگیا ،جس نے بر سر اقتدار آنے کا دعوی ٰ کیا تھا۔ دوسری جانب کانگریس نے بھی زبانی جمع خرچ کی تھی لیکن نتائج نے بتا دیا کہ گجرات میں بی جے پی کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ مگر اس سے اہم بات یہ رہی کہ بی جے پی کو مسلمانوں کے ووٹ بھی ملے۔ بلکہ بی جے پی نے ایسے ایسے حلقوں سے جیت حاصل کی جہاں نہ صرف مسلمان اکثریت میں ہیں بلکہ مذہبی بنیاد پر کوئی سیاسی تفریق بھی نہیں تھی۔کانگریس لیڈر غیاث الدین شیخ جو کہ دریا پور سیٹ سے تین بار ایم ایل اے منتخب ہوئے ہیں، اس الیکشن میں بی جے پی کے کوشک جین سے الیکشن ہار گئے ہیں۔ 10مسلم اکثریتی سیٹوں میں سے 4 سیٹیں پہلے کانگریس کے قبضے میں تھیں جن میں سے 2 سیٹیں جمال پور اور دانیلمڈا کانگریس بچانے میں کامیاب رہی ہے۔ جبکہ بی جے پی نے 2 سیٹیں چھین لی ہیں۔بی جے پی کے امیدواروں نے ان حلقوں میں کامیابی حاصل کی ہے جن میں مسلم آبادی زیادہ ہے اور انتخابات میں مذہبی بنیادوں پر ووٹوں کی تقسیم نہیں ہوئی۔دوسری طرف گجرات میں پہلی بار الیکشن لڑنے والی عام آدمی پارٹی مسلم اکثریتی علاقوں کی 16 سیٹوں میں سے ایک بھی سیٹ نہیں جیت سکی۔تاہم ان سیٹوں پر کانگریس کو جانے والے روایتی ووٹوں کو بانٹنے کا کام عام آدمی پارٹی اور اسد الدین اویسی کی اے آئی ایم آئی ایم نے کیا ۔ اے آئی ایم آئی ایم نے 13 امیدوار کھڑے کیے جن میں دو غیر مسلم بھی شامل ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گجرات میں مسلم ووٹروں کی تعداد 10 فیصد ہے۔ 30 فیصد سیٹوں پر مسلم ووٹروں کا اچھا اثر ہے۔ مسلم اکثریتی 10 سیٹوں میں دریا پور، واگرا، بھروچ، ویجل پور، بھج، باپو نگر، جمبوسر، لمبیات، جمال پور کھاڈیا، دانیلمڈا، نمایاں ہیں، کھاڑیا میں سب سے زیادہ 61 فیصد مسلم ووٹر ہیں جب کہ دانیلمڈا میں 48، دریا پور میں 40 فیصد مسلم ووٹرس ہیں۔دس ایسے حلقوں کا بغور جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی نہ صرف سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی بلکہ اپنے امیدوار کے لیے پہلے اور دوسرے نمبر پر رہنے والے، یعنی کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے مشترکہ ووٹوں سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کی ہے۔ان 10 حلقوں میں مسلمانوں کی آبادی 25 سے 50 فیصد کے درمیان ہے۔ بی جے پی نے دس میں سے آٹھ حلقوں میں اپنی جیت درج کی ہے۔
