دبئی:۔دبئی میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں بھٹکل مسلم خلیج کاونسل (بی ایم کے سی) کی جانب سے مشہور و معروف سماجی رہنما اور قائد قوم ڈاکٹر سید خلیل الرحمٰن کو ان کی بے لوث خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے "افتخار قوم” خطاب سے نوازا گیا ۔بھٹکل مسلم خلیج کاونسل کی جانب سے تفویض اعزاز کی یہ تقریب دبئی کے گرینڈ مرکیور ہوٹل میں منعقد کی گئی تھی جس کی صدارت کاونسل کے صدر عمر فاروق مصباح نے کی۔ تقریب میں بھٹکل کے قاضی صاحبان مولانا عبدالرب خطیبی ندوی اور مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی بطور خاص شریک رہے، جنہوں نے اپنے خطاب میں خلیل الرحمن کی خدمات کی ستائش کی ۔ پروگرام میں گلف کے مختلف شہروں کی جماعتوں کے مندوبین سمیت دبئی جماعت کے ذمہ داران بھی شریک تھے۔اس موقع پر حاضرین کے سامنے اپنی سماجی زندگی میں اپنی جد وجہد اور تجربات کا نچوڑ پیش کرتے ہوئے صاحب اعزاز ڈاکٹر سید خلیل الرحمٰن نے کہاکہ جدوجہد کے بغیر کامیابی کسی کے بھی قدم نہیں چومتی ۔ اگر زندگی میں کامیاب ہونا ہے تو پھر گھڑی کی سوئی پر نظر رکھنے کے بجائے بے تکان اور مسلسل محنت و مشقت میں مشغول رہنا چاہیے ۔ آپ کی کامیابی یہ نہیں ہے کہ آپ نے اپنے لئے اور اپنے خاندان کے لئے کتنی عیش و آرام کی زندگی حاصل کی یا کتنی دولت کمائی ۔ کامیابی اور کامرانی کا معیار یہ ہے کہ آپ نے اپنے سماج کے لئے کس قسم کی اور کتنی خدمات انجام دیں ۔ آپ کبھی بھی یہ نہ سوچیں کہ ہم نے زندگی میں بہت کچھ کر لیا ، بلکہ ہمیشہ ذہن میں یہی بات رہنی چاہیے کہ زندگی میں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا :” لوگ مجھے بہت ہی کامیاب و کامران شخصیت کے زمرے میں رکھتے ہیں ۔ لیکن میں نے کبھی اپنی آپ کو ایک کامیاب ترین انسان نہیں سمجھا بلکہ میں خود کو ایک ناکام انسان سمجھتا ہوں ۔ کیونکہ میں نے زندگی میں کامیابی کا جو خواب دیکھا تھا وہ اتنا بڑا تھا کہ اسے پورا کرنے میں 10فیصد بھی کامیابی نہیں ملی ہے ۔ میں اپنی بہترین کوششوں سے اس خواب کو جلد سے جلد پورا کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ اس منصوبہ کے تحت اپنے سماج کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانا میرا مقصد ہے ۔افتخار قوم کے خطاب سے نوازے جانے پر انہوں نے بھٹکل مسلم خلیج کاونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو اپنے سماجی بزرگوں اور تجربہ کار قائدین سے دوری اختیار کرنے کے بجائے ان کی رہنمائی اور نگرانی میں ہی سماجی خدمات کا سفر طے کرنا چاہیے ۔ اس موقع پر سید خلیل الرحمٰن کی حیات اور خدمات پر بھٹکل مسلم خلیج کاونسل کی طرف سے ایک وڈیو ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی۔ بھٹکل سے تشریف فرما معروف نائطی شاعر سید سمیع اللہ برماور نے خلیل الرحمن کی زندگی اور ان کی خدمات کو نظم کی شکل میں پیش کیا۔ شیرور سے تعلق رکھنےوالی معروف شخصیت اور گرین ویلی اسکول کے مینجنگ ٹرسٹی و نائب صدر محمد میراں منیگار، کینرامسلم کونسل کے صدر محمد یونس قاضیا سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی اپنے اپنے تاثرات پیش کئےاور سید خلیل الرحمٰن کی سماجی خدمات کو سراہا۔عبدالواحد اکرمی کی تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا، کونسل کے محاسب جناب آفاق نائطے نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ حافظ حماد پلور نے نعت پیش کی، سید سمیع اللہ برماور نے گلف کونسل (رابطہ) پر لکھی گئی نظم پیش کی۔ کونسل کے سکریٹری جنرل عتیق الرحمن مُںیری نے ڈاکٹر خلیل الرحمن کی خدمات کے اعتراف میں سپاس نامہ پڑھ کر سنایا، جس کے بعد مہمانوں کے ہاتھوں ڈاکٹر سید خلیل الرحمن کی شال پوشی کی گئی، انہیں سپاس نامہ، مومنٹواور گولڈ پرائز پیش کیا گیا۔ پروگرام کی نظامت بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے سابق جنرل سکریٹری رحمت اللہ راہی نے کی۔ خزانچی جیلانی محتشم نے کلمہ تشکر پیش کیا، بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے جنرل سکریٹری مولوی شکیب شاہ بندری کی دُعا پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔ دبئی جماعت کے صدرمُعیض معلم سمیت گلف اور دیگراندرون ہند کی بھٹکلی جماعتوں کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔
