منگلورو : دھمکی اور جبری وصولی کے معاملہ میں ہندو مہاسبھا لیڈر گرفتار

اسٹیٹ نیوز
منگلورو:۔اپنے بزنس پارٹنر کو دھمکانے اور جبری وصولی کرنے کے الزام میں سورتکل پولیس نے ہندو مہا سبھا کے ایک ریاستی لیڈر کو گرفتار کیا جس کی شناخت راجیش پوترن کے طور پر کی گئی ہے ۔موصولہ رپورٹ کے مطابق کاوور کا رہنے والے سریش نے راجیش پوترن کے ساتھ پارٹنرشپ میں کاروبار شروع کیا ۔ لیکن راجیش کے غیر قانونی لین دین اور معاملات کا جب پتہ چلا تو سریش نے اپنی پارٹنرشپ ختم کرکے اس سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ۔پولیس کے پاس درج شکایت کہا گیا ہے کہ سریش کی طرف سے اچانک پارٹنرشپ ختم کرنے کے فیصلہ سے ناراض راجیش نے سریش کا لیاپ ٹاپ ضبط کر لیا اور پھر اس کے بعد دھمکیاں دینے لگا کہ اگر اسے مزید رقم نہیں دی گئی تو وہ لیاپ ٹاپ میں موجود سریش کی نجی معلومات عام کر دے گا ۔ اس کے علاوہ اس نے سریش کے ہاتھ پاوں توڑنے کی بھی دھمکی دی ہے ۔سریش کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے سورتکل پولیس نے راجیش پوترن کو گرفتار کرکے عدالت میں  پیش کیا ۔ اس کے علاوہ پولیس نے اس معاملہ میں راجیش پوترن کا ساتھ دینے والی ڈاکٹر سنیجا کے خلاف بھی کیس درج کیا ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔