شیموگہ:۔شیموگہ ضلع وقف بورڈ مشاورتی کمیٹی کے صدر کے عہدے کیلئے پچھلے کئی دنوں سےجو رسہ کشی جاری تھی وہ آخرکار آج حتمی شکل اختیارکرگئی ہے۔طویل قانونی کارروائیوں کے بعد محمد شفیع اُللہ کو کرناٹکا وقف بورڈنے دوسری مرتبہ وقف مشاورتی کمیٹی کاصدربنانے کا فیصلہ لیاہے،جس کے مطابق آج محمد شفیع اُللہ نے نماز جمعہ کے بعد اپنے عہدے کا چارج لیا۔پچھلے دوسالوں سے شیموگہ وقف مشاورتی کمیٹی کے صدر کا عہدہ کھوکھو کے میدان کی طرح بن چکاتھا،جس کے مطابق ایک دفعہ عبدالغنی صدر بن رہے تھے تو دوسری دفعہ محمدشفیع اُللہ صدر بن رہے تھے۔پھر عبدالغنی کی باری آتی تھی،پھر اُس کے بعد شفیع اُللہ صدر بن رہے تھے،اس طرح سے کھوکھو کا کھیل وقف بورڈکی کُرسی پر چل رہاتھا۔سابقہ صدر عبدالغنی کی معیاد سے قبل ہی کرناٹکا وقف بورڈنے محمد شفیع اُللہ کو مشاورتی کمیٹی کا صدر بنایاتھا جس کے خلاف عبدالغنی نے کرناٹکا ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے اسٹے آرڈرلیاتھا،اس اسٹے آرڈرکے خلاف محمد شفیع اُللہ نے عدالت میں عرضی دائرکی تھی جس کے بعد عبدالغنی کے مقدمے کو عدالت نے منسوخ کرتے ہوئے محمد شفیع اُللہ کی عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ اب عبدالغنی اس معاملے کو لیکر کسی اور عدالت میں نہیں جاسکتے،عدالت کےاس فیصلے کے بعد عبدالغنی نے دوبارہ جائزہ لینے کیلئے عرضی دائرکی تھی،مگر کرناٹکا وقف بورڈنے بلآخر محمد شفیع اُللہ کو شیموگہ وقف مشاورتی کمیٹی کا صدربننے کا موقع دیاہے،اب یہ اگلےتین سالوں تک اس عہدے پرفائز رہیں گے۔اپنا عہدہ سنبھالنے سےقبل شہرکے شاہ علیم دیوان درگاہ سے اپنے حامیوں کے ساتھ وقف بورڈ پہنچے اور ضلعی وقف افسر سے اس عہدے کا چارج لیا۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ ضلع کے اوقافی اداروں کے تحفظ کیلئے میں ہر ممکن کوشش کرونگا،ساتھ ہی ساتھ اوقافی اداروں کی ترقی کیلئے حکومت سے ملنے والےفنڈس کااستعمال کرونگا اور عوام کو شکایت کا موقع نہ دینے کی کوشش کرونگا۔اس موقع پر نائب صدر سید جمیل اور مولانا شاہ الحمید موجودتھے۔
