بنگلورو:۔بی جے پی لیڈروں نے اے آئی سی سی صدر ملیکارجنا کھرگے کی باتوں کوتوڑ مروڑ کرپیش کررہے ہیں اور اُن پر الزام تراشیاں کررہے ہیں،بی جے پی کے اجداد آر ایس ایس اور وشواہندوپریشدبرٹش حکومت کے غلام تھے ۔اس بات کاالزام کے پی سی سی کے کارگذار صدر رام لنگا ریڈی نے لگایاہے۔انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری سی ٹی روی نے پچھلے دنوں میڈیاسے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈروں کوکُتے سے مشابہت دی ہے،ایک مہذب لیڈرکی باتیں ایسی نہیں ہوسکتی،اُ ن کی شناخت کیا ہے اُن کی زبان سے ہی ظاہر ہورہی ہے،کانگریس کے لیڈروں کو کُتوں سے مشابہت دینے والے بی جے پی لیڈروں کوکس نام سے پکارناہوگا یہ سمجھ نہیں آرہاہے،ہم تو اُنہیں کُتوں سے مشابہت نہیں کرینگے،کیونکہ کُتے وفادار اور نیت والاجانورہے،جبکہ بی جے پی میں یہ صلاحیتیں نہیں ہیں۔ساورکر جیل میں جانےوالاشخص ہے،یہ سچ بات ہے ،لیکن اس سے بڑا سچ یہ ہے کہ ساورکرنے جیل میں انگریزوں کی غلامی قبول کی تھی اور اس نے اپنے معافی نامے میں لکھاتھاکہ وہ دوبارہ جنگ آزادی میں شریک نہ ہوگا بلکہ انگریزوں کی اطاعت کریگا۔ایسے ہی لوگ بی جے پی کے قائدین میں سے ہیں۔مزید انہوں نے کہاکہ آر ایس ایس نے انگریزوں کے سامنے یہ کہاتھاکہ اگر برٹش حکومت مسلمانوں،دلتوں اور پسماندہ طبقات کے حوالے اس ملک کی قیادت سونپتی ہے تو ایسی آزادی ہمیں نہیں چاہیے اور ہم آپ کی ہی غلامی میں رہنا پسند کرینگے۔جب ان کے اجدادنے انگریزوں کی غلامی قبول کی ہے تو وہی رویہ آج کے بی جے پی لیڈروں میں رہے گا،اس لئے بی جے پی کے لیڈروں کو آر ایس ایس کے غلام ہی کہاجاسکتاہے۔
