ماضی کے خوفناک کوویڈ وباء کے پھیلاو کو مد نظر رکھتے ہوئے ہندوستان کیلئے آئندہ 40 دن انتہائی اہم

سلائیڈر نیشنل نیوز
 دہلی:۔ چین اور دنیا کے کئی ممالک میں کووڈ وباء کے تیزی سے پھیلنے کی اطلاعات کو لیکر ہندوستان پوری طرح سے الرٹ موڈ میں ہے ۔ دنیا کے الگ الگ ممالک سے آنے والے مسافروں کی ٹسٹنگ بھی تیز کردی گئی ہے ۔دوسالہ ماضی کے خوفناک واقعات کے پیش نظرمرکزی وزارت صحت نے خدشہ ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان میں جنوری کے وسط میں کورونا کیس بڑھ سکتے ہیں ۔ماضی کے رجحانات کا تجزیہ کرنے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ اگلے 40دن ملک کیلئے مشکل ہوں گے- ذرائع کے مطابق ملک میں کورونا کی ایک اور لہر آسکتی ہے- ایسے میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں صحت کی سہولیات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔درحقیقت یہ دیکھا گیا ہے کہ نئی لہر مشرقی ایشیا کو متاثر کرنے کے 30سے 35دن بعد ہی ہندوستان پہنچی ہے- یہ ایک رجحان رہا ہے، جس کی بنیاد پر یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ایسے میں بہار کے گیا میں دو غیر ملکی شہری کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں – وہ بنکاک اور تائیوان کے رہائشی ہیں – گیا میں اب تک کل 19 افراد مثبت پائے گئے ہیں -دوسری جانب چہارشنبہ کو دبئی سے آنے والے دو مسافر چینائی  ایئرپورٹ پر کووڈ پازیٹیو پائے گئے ہیں – یہ دونوں تمل ناڈو کے پڈوکوٹائی کے النگوڈی ضلع کے رہنے والے ہیں – چہارشنبہ کو ہی ممبئی ہوائی اڈے پربھی  دو مسافر کورونا پازیٹیو پائے گئے- ان کے نمونے جینوم کی ترتیب کیلئے بھیجے گئے ہیں -اس کے ساتھ ہی گزشتہ 3دنوں میں 43بین الاقوامی مسافر مثبت پائے گئے ہیں – ان میں ایک خاتون اور اس کی 6سالہ بچی شامل ہے جو چین سے سری لنکا کے راستے تمل ناڈو آئی تھی۔24دسمبر سے  26 دسمبر تک 498پروازوں کی اسکریننگ کی گئی- اس دوران 1780 نمونے لیے گئے- ان میں سے 39 مثبت پائے گئے ہیں -کورونا کی تیاریوں کو جانچنے کیلئے منگل کو ملک کی تقریباً تمام ریاستوں میں موک ڈرل بھی کی گئی ہے۔