شیموگہ:۔سابق رکن اسمبلی کے بی پرسنناکمارکو ٹکٹ نہ دینے کیلئے اقلیتوں کے ایک گروہ نے کے پی سی سی کی جائزہ لینے والی کمیٹی کے سامنے سفارش کئے جانے کی بات سامنے آئی ہے۔کل یعنی جمعرات کے دن ضلع کے سات اسمبلی حلقوں کے امیدواروں کے انتخاب کے تعلق سے کے پی سی سی کی پانچ رکنی کمیٹی نے شیموگہ ضلع کا دورہ کیا تھا ،اس کمیٹی میں کے پی سی سی کے کارگزار صدر دروا نارائن ،اے آئی سی سی کے سکریٹری مئیورجئے کمار،کے پی سی سی کے نائب صدر ایچ ریونااور کے پی سی سی جنرل سکریٹری سعید احمد اس موقع پرموجودتھے۔ٹکٹ کے دعویداروں کے تعلق سےمشورے لینے کے دوران کانگریس پارٹی کے اقلیتوں کی جانب سے سابق رکن اسمبلی کے بی پرسنناکمارکو کسی بھی حال میں ٹکٹ نہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔کےبی پرسنناکمار کی تائیدمیں جہاں ایک طرف بڑا گروہ ڈی سی سی دفترکے بالمقابل نعرے بازی کررہا تھا ،وہیں دوسری جانب کمیٹی کے نمائندوں کے سامنے سابق کائونسلر اور ڈی سی سی کے نائب صدرمختاراحمدکی قیادت والے ایک گروہ نے پرسنناکمارکو ٹکٹ نہ دینے کامطالبہ کیاہے۔انہوں نے کے پی سی سی کے سامنے یہ بات رکھی ہے کہ پرسنناکمارجس وقت رکن اسمبلی تھے،اُس دوران پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے کام نہیں کیا،پارٹی کے وفادارکارکنوں کونظراندازکرتے ہوئے اپنے حامیوں کو ہی ترجیح دی،جس کی وجہ سے پچھلی دفعہ بی جے پی کے سامنے47 ہزار ووٹوں سے شکست پائے تھے۔کے بی پرسنناکماران کی اپنی ذات برہمن بی جے پی کے حامی رہے ہیں،انہیں ان کے سما ج سے ہی ووٹ ملنا مشکل ہے۔انہوں نے اس کمیٹی کے سامنے اس بات کا بھی مطالبہ رکھاہے کہ ٹکٹ حاصل کرنے کی دوڑمیں مسلم دعویداربھی ہیں،انہیں ٹکٹ دی جائےیاپھر دوسرے اہل دعویدارکو ٹکٹ دیاجائے ۔واضح ہوکہ اقلیتی طبقے سے اڈوکیٹ نیازاحمد اور امتیاز خان بھی ٹکٹ کے دعویداررہے ہیں۔
