ریاست بھر میں کانگریس کا شدید احتجاج; وزیراعلیٰ کے گھرکے گھیرائو کی کوشش،سدرامیا سمیت کانگریس کے اعلیٰ لیڈران گرفتار،رہا

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔بدعنوانی کے الزام کا سامنا کررہی بی جے پی حکومت اور وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی فوری طورپر اقتدار سے برطرف ہونےکا مطالبہ کرتے ہوئے آج کانگریس لیڈران سابق وزیر اعلیٰ سدرامیاکی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بومئی کے گھرکا گھیرائو کرنے کی کوشش کی،اس دوران سدرامیا سمیت کانگریس کے کئی لیڈروں کو پولیس نے گرفتارکیاپھر اُنہیں رہا کر د یا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ بومئی کے گھر کا محاصرہ کرنے کی کوشش کررہے کانگریس لیڈروں کو ریس کورس روڈ پر ہی پولیس نے روک کراپنی تحویل میں لیا۔چنگیری ودھان سبھا کے رکن اسمبلی ماڈال ویروپکشپا کے بیٹے کو دستاویزات کے ساتھ لوکآیکتہ پولیس نے گرفتارکیاتھا،اس کے پس منظرمیں کانگریس نے احتجاج کیا۔احتجاج میں کرناٹک کیلئے اے آئی سی سی کے نگران رندیپ سنگھ سرجے والا ، اپوزیشن لیڈرسدرامیا ، کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار،سابق ریاستی وزیر کرشنا بائرے گوڈا،کےپی سی سی کے کارگزار صدور رام لنگا ریڈی،سلیم احمد، کے جے جارج،اراکین پارلیمان اور کے پی سی سی کے ممبران موجودتھے۔احتجاج کرنے والی کانگریس بی جے پی ایم ایل اے ماڈال ویروپکشپا کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہی ہے، جن کا بیٹا رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔اس موقع پر کانگریس کے اعلیٰ لیڈران نے کہاکہ ریاست میں گھوٹالے اور بدعنوانی چل رہی ہے لیکن حکومت اس تعلق سے خاموشی اختیارکی ہوئی ہے، ہم چیف منسٹر بومئی کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ قائد حزب اختلاف اور سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا “وزیر اعلیٰ جھوٹ بول رہے تھے کہ ان کی حکومت بدعنوانی سے پاک ہے۔ پھر یہ کیا ہو رہا ہے؟ ہم نے کبھی دہشت گردی کی حمایت نہیں کی ،کانگریس دہشت گردی کی حمایت کیوں کرے گی؟ امیت شاہ بھی بڑے جھوٹے ہیں۔ دراصل بی جے پی ایم ایل اے ماڈال ویروپکشپا کے بیٹے پرشانت کمار کو لوک آیوکت ٹیم نے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا تھا۔ اس کے بعد ایم ایل اے کے گھر اور دفتر سے 8کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی رقم برآمد ہوئی۔ لوک آیوکت نے اس معاملے میں بی جے پی ایم ایل اے کو ملزم بنایا ہے۔ لیکن جمعرات کو ہونے والے اس واقعے کے بعد سے وہ انڈر گروانڈ ہو گئے ہیں۔ جس کے بعد کانگریس نے احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی ایم ایل اے کی گرفتاری اورچیف منسٹر بسواراج بومئی کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔