بنگلورو:۔کرناٹک میں چند ماہ بعد ہی اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ حکمراں بی جے پی آئندہ انتخابات میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتی۔ یہی وجہ ہے کہ پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں مہم اور انتظام کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ ان کمیٹیوں کی کمان چیف منسٹر بسواراج بومئی کو سونپی گئی ہے۔ بی جے پی نے انتخابی انتظام کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہیں اور ان کمیٹیوں کی سربراہی پارٹی کی سینئر لیڈر شوبھا کرندلاجے کریں گی۔ اہم بات یہ ہے کہ سابق وزیر اعلی اور پارٹی لیڈر بی ایس یڈی یورپا کو بھی انتخابی مہم کمیٹی میں جگہ دی گئی ہے۔ سابق وزرائے اعلیٰ ڈی وی سدانند گوڑا، جگدیش شیٹر، مرکزی وزراء پرہلاد جوشی، شوبھا کرندلاجے، سابق نائب وزیر اعلی کے ایس ایشورپا کو بھی جگہ دی گئی ہے۔مرکزی وزیر شوبھا کرندلاجے کے علاوہ مرکزی وزیر بھگونت کھوبا بھی الیکشن مینجمنٹ کمیٹی میں شامل ہیں۔قبل ازیں جمعرات کو بی جے پی صدر جے پی نڈا بھی بنگلورو پہنچے اور وہاں روڈ شو کیا۔ بی جے پی کی فعالیت کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ پارٹی ریاست میں پوری طرح سے انتخابی موڈ میں داخل ہوگئی ہے اور انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے۔ پچھلے ہفتے جے پی نڈا نے بھی ریاست میں وجے سنکلپ یاترا شروع کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی آئندہ اسمبلی انتخابات جیتنے کے لیے ریاست کے پانچ اضلاع پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔یہ پانچ اضلاع بنگلور، بیلگام، باگل کوٹ، بیدر اور بیلاری ہیں۔ ان پانچ اضلاع میں اسمبلی کی 72 سیٹیں ہیں۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی ان میں سے صرف 30 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔ ایسے میں بی جے پی اس بار ان اضلاع میں اپنی سیٹوں کی تعداد بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ بی جے پی کا مقصد آئندہ انتخابات میں 150 سے زیادہ سیٹیں جیتنا ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 104 سیٹیں جیتی تھیں۔
