مسلم تعلیمی اداروں کے فروغ کیلئے ملناڈ ویلفیر اینڈ چاریٹبل ٹرسٹ کی خدمات

شیموگہ:۔ملناڈ ویلفیر اینڈ چاریٹبل ٹرسٹ کی جانب سے شیموگہ شہرکے دو اہم تعلیمی ادارے امپیریل ایجوکیشن فاونڈیشن اور ناسا شاہین تعلیمی اداروں کیلئے بسوں کا تحفہ دیاگیاہے۔ملناڈ ویلفیر اینڈ چاریٹبل ٹرسٹ پچھلے طویل عرصے سے شیموگہ شہرکے مسلم تعلیمی اداروں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنےاور مسلم تعلیمی اداروں میں خدمات انجام دے رہے اساتذہ کی فلاح وبہبودی کیلئے کام کررہاہے۔اس موقع پرملناڈ ویلفیر اینڈ چاریٹبل ٹرسٹ کےصدر اعجازاحمدنے کہاہے کہ ہمارا مقصد مسلم تعلیمی اداروں کو چلانے کیلئے ممکنہ سہولیات فراہم کرناہے،قوم وملت کے مخیر حضرات کے تعائون سے یہ کام کیا جارہا ہے، آنےوالے دنوں میں بھی اسی مقصد کے تحت کا م کیا جائیگا،جس کیلئے اہل خیر حضرات بھی اپنا تعائون پیش کرسکتے ہیں۔مسلم تعلیمی اداروں کو وسائل کی کمی ہے،باوجوداس کے وہ مسلمانوں کو معیاری تعلیم دینے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ان کی بڑی کوششوں میں ہمارے ٹرسٹ کا تعائون رہے گا ۔ اس موقع پر ناساشاہین کےصدرمحمد ایوب نے بتایاکہ ملناڈ ویلفیر اینڈ چاریٹبل ٹرسٹ کی جانب سے جو خدمات انجام دی جارہی ہیں وہ قابل ستائش ہیں،موجودہ دورمیں تعلیم کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے اس ادارے کی جانب سے بہت بڑا کام کیاجارہا ہے۔اسکولوں و کالجوں کو کمپیوٹر لیاب،سائنس لیاب اوربچوں کو کھیلنے کیلئے کھلونے فراہم کئے گئے ہیں،یہ سب تعلیمی اداروں کیلئے بے حد ضروری اشیاء ہیں،ہم ادارے کا تہہ دل سے شکریہ اداکرتے ہیں۔اس موقع پر امپیریل ایجوکیشن فائونڈیشن کے چیرمین اقبال حبیب سیٹھ نے کہاکہ مسلم تعلیمی اداروں کی ترقی کیلئے باہمی تال میل کی ضرورت ہے،کسی بھی ادارے کی ترقی ایک طرفہ نہیں ہوسکتی یہ ادارے قوم وملت کی امانت ہیں،اس لئے تمام کو ساتھ مل کرکام کرناچاہیے۔اس موقع پرملناڈ ویلفیر اینڈ چاریٹبل ٹرسٹ کے سکریٹری مدثراحمد،خزانچی اعجازاحمد،ڈائریکٹر افتخاراحمد خان،محمد لیاقت موجودتھے۔
