انسان کاوجود قدرت پرمنحصر ہے: کے ایس ایشورپا

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔ انسانی وجود قدرت پر منحصر ہے ، صحت مند اور محفوظ ماحول کے بغیر انسانی معاشرے کا تصور ناممکن ہے ۔ ان باتوں کا اظہار وزیر برائےدیہی ترقیات و پنچایت راج کے ایس ایشورپا نے کیا ہے۔انہوںنے آج یوم ماحولیات کے ضمن میںشیموگہ کےواجپائی بڑاونے میں شیموگہ کے ماحولیات کے حامی افراد، مقامی تنظیم و اداروں کےعطیوں سے ترقی شدہ تالاب کا جائزہ لیا ۔ تالاب کے کنارے وزیر موصوف نے شجر کاری کرنے بعدمیڈیا کے نمائندوں سے بات کر تےہوئے بتایا کہ قدرت نے ہر جاندار کیلئے بے شمار قابل قدر تحائف دئے ہیں جس میں سب سے اہم ہوا ، پانی ، مٹی ، درخت اور جنگلات ہیں۔ ان بیش قیمتی تحفوں کوہماری آنے والوں نسلوں کیلئے بچانا ہمارے سامنے سب سے بڑا چیلنج ہے جسےہر ایک کو پورا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ باعث فخر ہیں کہ ہم ملناڈ علاقے میں رہتے ہیں لیکن افسوس کہ اس وقت یہاں کے جنگلات پربھی مسلسل حملے ہورہے ہیں۔ جنگل کی دولت کو بغیر کسی مداخلت کے نکالاجارہا ہے۔ جنگلات کی کٹائی اور کان کنی جیسی انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے مسلسل ماحول کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں قدرت کے نظام میں انسانی مداخلت کو کم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ماحولیاتی بقا اور تحفظ کو لیکر عوام میں بیداری لانے کا کام ہونا چاہئے اوراس کیلئے تمام ماحولیات کے حامیوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں میئر سنیتا انپا ،کارپوریشن کمشنر چدانند وٹارے ، سوڈا صدر جیوتی پرکاش ، سوڈا کمشنر موکپا ، رمیش ہیگڑے وغیرہ موجود تھے۔