شیموگہ:۔شیموگہ اسمبلی حلقے کیلئےآنے والے انتخابات کی ٹکٹ حاصل کرنے کیلئےکانگریس پارٹی کے11 دعویداروں نے کے پی سی سی کو درخواست دی تھی،اس درخواست کی بنیادپر11 دعویدار مضبوطی کے ساتھ یہ بات کہہ رہے ہیں کہ ٹکٹ ہمیں ضرورملے گی،ٹکٹ کیلئے درخواست دینے والوں میں کے بی پرسنناکمار،ایس پی دنیش،ایل ستیانارائن،امتیاز خان،نیاز احمد خان،سین جوزف،ڈاکٹر دنیش،مریپا،سندریش،یوگیش،نرسمہا مورتی نے ٹکٹ کیلئے عرضی دی تھی۔ ان امیدواروں میں کے بی پرسنناکمارکا تعلق برہمن سماج سے ہے،ستیانارائن مراٹھا سماج،امتیاز خان اور نیازاحمد خان مسلم سماج،ایچ ایس سندریش گوڈاسماج،ایس پی دنیش اورایچ سی یوگیش لنگایت سماج ،مریپا کُربا سماج،نرسمہا مورتی تمل سماج سے تعلق رکھتے ہیں۔یہ تمام لوگ اپنی ذات کو بنیاد بتا کر مسلمانوں کو ووٹوں کو پلس(+) ثابت کرتے ہوئے جیت کا دعویٰ کررہے ہیں،حالانکہ کانگریس پارٹی کی ووٹنگ کی گنتی چالیس ہزار سے شروع ہوتی ہے،کیونکہ شیموگہ اسمبلی حلقے میں مسلمانوں کے 65 ہزار ووٹ ہیں،ان میں سےچند ووٹ دوسری پارٹیوں کی نظر ہونگے،باقی ووٹ کانگریس کا ووٹ بینک رہاہے۔اسی بنیادپربرہمن اُمیدواریہ کہتاہے کہ میری ذات کے ووٹ20 ہزار ہیں،مسلمانوں کےووٹ40 ہزار ہیں،باقی کانگریس کے ووٹ علیحدہ ملیں گے۔لنگایت امیدواریہ کہتاہے کہ میر ی ذات کے ووٹ35 ہزارہیں،مسلمانوں کے ووٹ40 ہزار ہیں،باقی ووٹ کانگریس کے ہونگے۔کُربا سماج کا امیدواریہ کہتاہے کہ میری ذات کے ووٹ25 ہزار باقی مسلمانوں کے ووٹ40 ہزار ہیں،یعنی کہ ہر سماج کے لوگ مسلمانوں کے ووٹ کو ہی بنیادبنارہے ہیں،صرف مسلمان ہی ہیں کہ وہ دوسری ذاتوں کے ووٹوں کی توقع نہیں کرسکتے،اگر کرتے بھی ہیں تو یہاں خود کانگریس کاصدر مسلم امیدوارکو ووٹ نہیں دیگا،جس کی مثال ماضی میں اسماعیل خان کے طورپر دیکھی گئی ہے ۔ رہی بات اس دفعہ ٹکٹ لانے کی دوڑمیں11 دعویداروں کی فہرست کی،ان گیارہ دعویداروں کے علاوہ 2/ایکسٹرا پلئیر بھی کانگریس کی ٹیم میں شامل ہوچکے ہیں،جن میں بی جے پی کے ایم ایل سی آئینورمنجوناتھ اورسابق پولیس افسر پی او شیوکمار ہیں۔حالانکہ یہ دونوں ایکسٹراپلیئرکے طورپر پارٹی کی فہرست میں ہیں،لیکن باوثوق اطلاعات کے مطابق دونوں دعویدارہی سرِ فہرست ہوتے جارہے ہیں۔ان تمام کے درمیان ضمیراحمد خان نے آئینورمنجوناتھ کی تائیدکابھی اعلان کرنے کی بات سامنے آئی ہے،جس کی وجہ سے یہاں کے گیارہ دعویداروں میں ناراضگی پیدا ہوئی ہے۔اطلاعات یہ بھی ہیں کہ کانگریس کی دوسری فہرست تین یا چار اپریل کو جاری ہوگی،جس میں شیموگہ اسمبلی حلقے کے امیدوار کا نام بھی شامل ہوگا۔
