بنگلورو:۔کرناٹک کی سابقہ بی جے پی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کے2Bریزرویشن منسوخ کرتے ہوئے ای ڈبلیو ایس زمرے میں شامل کئے جانے کےفیصلے کے خلاف کرناٹکا ہائی کورٹ میں پبلک انٹرسٹ لٹیگیشن(پی آئی ایل) داخل کی گئی ہے۔بنگلوروکے سماجی کارکن سید عارف جمیل نے یہ مفادِعامہ کرناٹکا ہائی کورٹ میں داخل کی ہے،اس سلسلے میں کرناٹکا ہائی کورٹ نے اگلی سماعت14 مئی کوکرنے کا فیصلہ کیاہے۔اس سلسلے میں پی آئی ایل داخل کرنےوالے سید عارف جمیل نے کہاہے کہ کرناٹکا حکومت کی جانب سے جو احکامات جاری کئے گئے ہیں وہ آئین کے خلاف ہیں،دستوری اعتبار سے اسے غیر قانونی ماناجاسکتاہے، چونکہ مسلمانوں کو تعلیمی مشکلات کا سامنا کرناپڑسکتاہے،اس وجہ سے ہم نے فوری طورپر پی آئی ایل داخل کی ہے۔اگلے مہینے سے ہی تعلیمی سال کاآغازہوگا،مختلف کورسس اور جماعتوں کیلئے داخلے ہو نگے،اس دوران طلباء کو ریزرویشن حاصل کرنے میں پریشانی ہوگی۔اس وجہ سے ہم نے کرناٹکا ہائی کورٹ میں پی آئی ایل داخل کی ہے۔اس معاملے کی وکالت کرناٹکا ہائی کورٹ کے سینئروکیل رحمت اُللہ کوتوال کرینگے۔
