قبلہ اول پر اسرائیلی حملے کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج

انٹرنیشنل نیوز سلائیڈر
بیت المقدس:۔ قبلہ اول  کی بے حرمتی اور مسجد اقصیٰ میں مصلیوں پر تشدد اور غزہ پٹی پر وحشیانہ حملوں کے خلاف پوری دنیا کے مسلمان بعد نماز جمعہ سڑکوں پر اتر آئے، لندن سے لے کر پشاور تک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور فلسطین کی حمایت میں ریلی کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے بائیکاٹ کا اعلان کیاگیا۔ شبکۃ قدس الاخباریہ کی رپورٹ کے مطابق لندن میں مسلمانوں نے اسرائیلی سفارت خانے کے باہر فلسطینی جھنڈا اُٹھا کر ریلی نکالی اور اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا۔ پاکستان کے پشاور شہر میں بھی بعد نماز جمعہ مسلمانوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور اسرائیل کے مظالم کی مذمت کی۔ یہ ریلی جماعت اسلامی پشاور کی طرف سے تھی۔ وہیں ترکیہ کے کئی شہروں میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیاگیا اور اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی۔ مراکش کے رباط، لبنان، اردن وغیرہ میں بھی بڑے پیمانے پر احتجاج کیاگیا۔ ادھر سوشل میڈیا پر اسرائیلی پروڈکٹ کے بائیکاٹ کی بھی مہم چلائی گئی۔ دریں اثناء قبلہ اول میں مسلمانوں نے سنیچر کو نمازفجر میں بڑی تعداد میںپہنچ کر اپنی حاضری درج کرائی ۔ اس دوران بعد نماز فجر اسرائیلی بربریت کے خلاف صحن اقصیٰ میں احتجاج کیا اور فلسطینی علم لہراتے ہوئے اپنے غم وغصے اور عزائم کا اظہار کیا۔ لبیک یا اقصیٰ کے نعروں سے پورا صحن اقصیٰ گونج رہا تھا۔ مسلمانوں نے اس دوران قبلہ اول کی بازیابی کے لیے سب کچھ قربان کرنے کا اعلان بھی کیا۔ اس دوران اسرائیلی فوجوں کی بربریت جاری رہی، کئی جگہ پر پرتشدد مظالم کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔