شیموگہ:۔بھدراوتی اسمبلی حلقے میں اس دفعہ کانگریس اور جےڈی ایس کے درمیان کانٹے کی ٹکر ہونے والی ہے۔آنجہانی جے ڈی ایس لیڈر اپاجی گوڈاکے بعد ماناجارہاتھاکہ بھدراوتی میں کانگریس امیدوار بی کے سنگھ میش کا مقابلہ کرنےکیلئے کوئی نہیں ہوگااور وہ آسانی کے ساتھ دوبارہ ایم ایل اے بن جائینگے۔ابتداء میں جس طرح سے قیاس آرائیاں ہورہی تھیں اُس کے برعکس اب حالات نظرآرہے ہیں۔بھدراوتی کانگریس کے امیدواربی کے سنگھ میش ضرورت سے زیادہ پُر اعتماد تھےاور وہ پچھلے کچھ عرصے سے اپنے حلقے کے ووٹروں سے کنارہ کشی اختیارکرچکے تھے،ان کے اطراف مقامی لیڈروں کا حصار بنا ہواتھا جو لوگوں کو ان تک پہنچنے کا موقع نہیں دے رہے تھے۔خاص طور سے مسلم لیڈروں کی وجہ سے یہاں کے مسلم ووٹران سخت ناراض ہوچکے تھے جس کی وجہ سے اس دفعہ زیادہ ترمسلمان جے ڈی ایس کی طرف اپنا رخ کررہے ہیں۔کانگریس کے سینئرلیڈراورسابق ڈپٹی مئیر محمد ثناء اللہ نے بھی طویل عرصے کے بعد آخر کار کانگریس پارٹی کوخیر آباد کہتے ہوئےجے ڈی ایس میں شمولیت اختیارکی ہے،اس کے علاوہ دیہی حلقوں میں بھی موجودہ رکن اسمبلی سنگھ میش کے خلاف ناراضگی دکھائی دے رہی ہےاور جے ڈی ایس امیدوار شاردامااپاجی گوڈا کا اثر دیکھنے کومل رہاہے۔بھدراوتی کی تاریخ میں ہمیشہ جے ڈی ایس اور کانگریس کا مقابلہ رہاہے جبکہ بی جے پی کو ہمیشہ سے ہی نقصان اٹھانا پڑاہے۔
