ایل کے جی میں داخلہ کے لئے4سال مکمل ہونا لازمی ، محکمہ تعلیم کی جانب سے احکامات جاری

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔ریاست کرناٹک  کے اسکولوں میں پہلی جماعت میں بچوں کے داخلہ کے لئے لازمی طو ر پر6سال مکمل ہونے کا قانون 2025-26کے تعلیمی سال سے جاری کئے جانے کے پیش نظر محکمہ تعلیمات عامہ نے احکامات جاری کئے ہیں کہ رواں 2023-24کے تعلیمی سال میں ایل کے جی میں داخلہ کیلے بچوں کو یکم جو ن کو لازمی طور پر4سال مکمل ہوں۔اطلاع کے مطابق رواں تعلیمی سال سے ایل کے جی میں داخلہ لینے والے بچے سال 2025-26کو پہلی جماعت میں داخلہ لیں گے۔ اسی طرح اس وقت داخلہ کی عمر کو لے کر کوئی مسئلہ نہ ہو اس مقصد کے تحت محکمہ نے پری پرائمری میں داخلہ کے لئے عمر کی حد مقرر کی ہے۔ محکمہ کے افسران کے مطابق حق تعلیم ایکٹ۔(آر ٹی ای)2009 اور لازمی تعلیمی قانون کے تحت2025-26کے دوران پہلی جماعت میں داخلہ کے لئے بچوں کو6سال مکمل ہونے کے قانون میں تبدیلی نہیں ہوگی ، اسلئے روا ں سال4سال مکمل کرنے والے بچوں کو ایل کے جی میں داخلہ کیا جائے ورنہ یو کے جی مکمل ہونے کے باوجود عمر کا مسئلہ پیدا ہوگا ۔اس دوران محکمہ تعلیمات عامہ کی جانب سے ایل کے جی کے لئے 4سال مقرر کرنے کی والدین نے مخالفت کی ہے اور اس فیصلہ کو غیر سائنسی قرار دیتے ہو ئے کہا کہ یکم جون کو مقررہ عمر سے ایک دن بھی کم ہوا تو داخلہ نہیں ملے گا،جس کی وجہ سے بچوں کو مزید ایک سال تعلیم سے محروم ہونا پڑے گا۔ والدین اور سر پرستوں نے اسکی بجائے حسب معمول ایل کے جی میں داخلہ کے لئے3سال10ماہ تا4سال 10ماہ،پہلی جماعت کیلئے5سال 10ماہ تا 6سال10ماہ کی حد برقرار رکھی جائے۔