شیموگہ:۔اگلے 5سالوں میں ضلع کے 5 ہزار تالابوں کی بازآبادکاری مکمل کی جائےگی۔ اس بات کی یقین دہانی وزیر برائے دیہی ترقیات وپنچایت راج کے ایس ایشورپا نے کی ہے۔ انہوں نے شہر کے رامن کوپہ تالاب کے کنارے اپنے یوم پیدائش کے موقع پر تالاب کی ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا، بعدازاں منعقدہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح کے تمام تالابوں کی بہبودی وترقی کیلئے حکومت مستعد ہے۔حکومت کے ساتھ ساتھ مقامی تنظیم واداروں کی جانب سے بھی تالابوں کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں یہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی منصوبے "کیاچ دا رین "(Catch the rain )پروگرام نریگا میں شامل کیا گیا ہے۔ نریگا کے ذریعہ تمام تالابوں کی بہبودی کی جائےگی۔انہوں نے بتایا کہ پچھلی دفعہ 13 ہزار کروڑ انسانی دن دئے گئے تھے، زیر زمین آبی سطح کو بڑھانے کیلئے 15 ہزار کروڑ انسانی دنوں کو لیتے ہوئے 800 تالابوں کی باز آبادکاری کرنے کی وزیر موصوف نے معلومات دی ہے۔ مزید بتایا کہ ضلع کے تمام تعلقوں میں سلسلہ وارتالابوں کے ترقیاتی کاموں کو انجام دیا جائےگا، اوراسطرح ضلع کے 5 ہزار تالابوں کی بہبودی وترقی کو اگلے 5 سالوں میں یقینی بنانے کا بھروسہ دلایا ہے۔
