بیلگام: خواتین اور اطفال کی ترقی کی وزارت کی وزیر لکشمی ہیبالاکر نے خبردار کیا ہے کہ اگر گروہالکشمی یوجنا کے رجسٹریشن کے عمل کے لیے لوگوں سے رقم وصول کی جاتی ہے یا اسکیم کے نفاذ میں لاپرواہی کی جاتی ہے تو ایسے افراد کے خلاف کریمنل مقدمہ درج کیا جائے گا۔پیر کو یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہاکہ تین مراکز کے لاگ ان آئی ڈی کو واپس لے لیا گیا ہے جہاں لوگ رجسٹریشن کے عمل کے لیے رقم وصول کر رہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اس اسکیم کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے خاموش نہیں بیٹھی ہے۔اگر یہ پایا جاتا ہے کہ گروہالکشمی یوجنا کے تحت رجسٹریشن کے لیے فائدہ اٹھانے والوں سے فیس وصول ہوئی ہے، تو ایسے افراد کا لاگ ان آئی ڈی اور پاس ورڈ واپس لے لیا جائیگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تحصیلداروں، پی ڈی اوز اور گاؤں کے بل کلکٹرز کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ ایسے معاملات کی اطلاع ڈپٹی کمشنر تک پہنچائیں یا پھر کہیں بھی پیسے لئے جا رہے ہیںتواس کی اطلاع مقامی پولیس اسٹیشن کو دی جانی چاہیے۔مزید انہوںنے کہا کہ ہم گروہالکشمی یوجنا کارجسٹریشن مفت میں نہیں کر رہے ہیں۔حکومت کی طرف سے فی اپلوڈر کو 12 روپئے ادا کررہے ہیں۔ اس لیے لوگوں کو کسی کو پیسے دینے کی ضرورت نہیں ہے۔میڈیا نے جب ان سے سوال کیا کہ کیا سنگاپور میں ریاستی حکومت کو ختم کرنے کے لیے کوئی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے، اس پر ہیبالکر نے کہاکہ میں گروہالکشمی یوجنا کے نفاذ پر توجہ مرکوز کر رہی ہوں میرے پاس اس بارے میں کسی طرح کی معلومات نہیں ہیں۔
