بنگلورو:۔ ڈی جے ہلی کے جے ہلی ،شیموگہ اور ہبلی کے فسادات کے معاملے میں گرفتارہونےوالے بے قصور نوجوانوں کی رہائی کیلئے میسوروضلع کے این آرمحلہ کے رکن اسمبلی تنویرسیٹھ نے ریاستی حکومت کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشورکو لکھے گئے خط میں رکن اسمبلی تنویرسیٹھ نے کہاکہ ڈی جے ہلی کے جے ہلی ،شیموگہ سمیت مختلف مقامات پر کئی نوجوانوں کو گرفتا ر کیا گیا ہے ، ان میں بے قصورنوجوان اور طلباء بھی ہیں،ان پر جھوٹے مقدمات عائدکرتے ہوئے گرفتارکیاہے،ان مقدمات کا جائز لیتے ہوئے انہیں رہاکیاجائے۔ایم ایل اے تنویر سیٹھ کے مکتوب پر بی جے پی کے رکن اسمبلی بسواناگوڈا پاٹل یتنال نے کہاکہ شیموگہ،ہبلی،ڈی جے ہلی کے جے ہلی میں جن نوجوانوں نے فساد مچایاتھا،ان میں غنڈے اور ممنوعہ تنظیم پی ایف آئی کے کارکنان ہیں، مسلمانوں کو خوش کرنے کیلئے وزیر داخلہ نے ان نوجوانوں کی رہائی کیلئے پیش رفت کی ہےجو ناقابل قبول ہے،ان لوگوں نے پولیس پر حملہ کیاہے،اس کے علاوہ یہ لوگ جہادی ذہنیت کے لوگ ہیں۔بی جے پی ایسی جہادی حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
