10/اگست سے وی آئی ایس ایل کا سراز نو آغاز

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔اسٹیل اتھاریٹی آف انڈیاکے فیصلے کے بعد گذشتہ جنوری سے بھدراوتی کے ویشویشوریا آئرن اینڈ اسٹیل کارخانے میں بارمل کا کام رُک گیا تھا،اب اس بارمل کاآغاز سراز نوکیاجا ئیگا ۔ 10/ اگست سےیہ کام شروع ہونے جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں وی آئی ایس ایل کانٹرکٹ لیبرس اسوسیشن کورکن پارلیمان نے وعدہ کیاتھاکہ وی آئی ایس ایل کو دوبارہ شروع کیاجائیگا،اسی وعدے کے مطابق کارخانے میں بارمل کے ذریعے سے کام شروع ہورہاہے۔رکن پارلیمان نے اسٹیل اتھاریٹی آف انڈیاکے کارپوریٹ دفترکے افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کارخانے کیلئے ضروری سامان اور راء میٹریلس دلواچکے ہیں ۔ کارخانے کو پوری طرح سے بند کئے جانے کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں ، اس کے خلاف کانٹراکٹ لیبرس پچھلے194 دنوں سے احتجاج کررہے تھے ۔ حالانکہ بارمل کو بندنہیں کیا گیا تھا ،لیکن اس کیلئے درکار راء میٹریل دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پروڈکشن کا کام ٹھپ پڑگیاتھا،اب راء میٹریل ملنے سے بارمل میں دوبارہ پروڈکشن کا کام شروع ہونے جارہا ہے ۔اسی دوران رکن پارلیمان بی وائی راگھویندرانے اطلاع دی ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے صاف طورپر اسٹیل اتھاریٹی آف انڈیاکو ہدایت دی ہے کہ وی آئی ایس ایل کو دوبارہ شروع کیاجائے ، ابتدائی مرحلے میں بارمل کو شروع کیاجائے،اس کے بعد مستقل طورپر کارخانے کو شروع کرنے کیلئے تیاری کی جا ئے ۔ اگر وی آئی ایس ایل کارخانہ دوبارہ شروع ہوتاہے تو یہ بھدراوتی اور یہاں خدمات انجام دے رہے مزدوروں کیلئے خوش ائند بات ہوگی۔ وہیں دوسری جانب یہ بھی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ کہیں پارلیمانی انتخابات کے مدِ نظر یہ فیصلہ تو نہیں لیا گیا ہے ، چونکہ بھدراوتی کا وی آئی ایس ایل کارخانہ کانگریس،بی جے پی اور جے ڈی ایس کیلئے ہمیشہ سے ہی الیکشن کا مدعا رہاہے،ایسے میں بی جے پی بھدراوتی کے ووٹرو ں کو اپنی جانب راغب کرنے کیلئے یہ قدم بھی اٹھاسکتی ہے۔وی آئی ایس ایل کارخانے کو واقعی میں اگر شروع کرنا ہے تو اس کیلئے مستقل مائنز کی ضرورت ہوگی،لیکن فی الوقت وی آئی ایس ایل کے پاس کہیں بھی مائنز کیلئے زمین منظورنہیں کی گئی ہے۔