طلباء کی صلاحیتوں کو اُبھارنے کا کام ہوناچاہیے:وزیر تعلیم مدھوبنگارپا

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
ملناڈٹرسٹ کا دورروزہ سائنس ایگزبیشن اختتام پذیر:اخلاص،قدوائی اور اننیا اسکولوں کو ملا پہلا،دوسرااورتیسرانعام
اخلاص انگلش اسکول
قدوائی انگلش اسکول
اننیا انگلش اسکول
شیموگہ :۔ملناڈ ایجوکیشنل اینڈ چاریٹبل ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ دوروزہ سائنسی نمائش کاآج شام عظیم الشان پیمانے پر اختتام پذیرہوا۔اس اختتامی تقریب کاافتتاح ریاستی وزیرِ تعلیم مدھو بنگارپانے کرتے ہوئے اپنی تقریرمیں کہاکہ طلباء کی صلاحیتوں کو اُبھارنے کی ضرورت ہے،آج ٹیکنالوجی تیزی کے ساتھ بدل رہی ہے،ایسے میں طلباء کو بھی اس مقابلہ جاتی دورمیں اپنےآپ کو بدلنے کی ضرورت ہے،طلباء کو تمام طرح کی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ ان کی صلاحیتوں کو اُبھارنے کیلئے تعلیمی ادارے کام کریں۔بچوں کی اصل شناخت کی صلاحیتیں ہیں،انہیں ابھارنے کی ضرورت ہے،اس کام کو انجام دینے کیلئے اساتذہ آگےآئیں۔ریاست میں اگلے سال سے پہلی تا دسویں جماعت کے تمام طلباء کیلئے فرنیچر کاانتظام کیاجائیگا،انہیں نیچے بیٹھا کر جواذیت دی جارہی تھی،اُ س سے چھٹکارادیاجارہاہے،لڑکیاں بڑے پیمانے پر اسکولوں میں تعلیم حاصل کررہی ہیں یہ خوش ائند بات ہے،اگر انہیں اچھی تعلیم دی جائے تو بہتر سماج کی تشکیل ہوگی۔اس موقع پرملناڈایجوکیشنل اینڈ چاریٹبل ٹرسٹ کے چیرمین انجینئرمحمدابراہیم نے بات کرتے ہوئے کہاکہ بہترسماج کی تشکیل ہونی چاہیے،اس کیلئے سماج میں نظریات کو بدلناہوگا،اگر وسیع النظر نہیں ہونگے تو اچھا سماج پیدانہیں ہوسکتا۔آج جو ترقی کے نام پر تباہی ہورہی ہے،اُس تباہی کو روکنے کی ضرورت ہے،اسی سوچ کے تحت ملناڈ ٹرسٹ کی جانب سے کوششیں ہورہی ہیں،ان کوششوں کو صرف ہم کامیاب نہیں کرسکتے بلکہ سماج کے ہر طبقے کو آگے آناہوگا،ہماری کوشش ہے کہ ہم تعلیم کو فروغ دیں،طلباء کی صلاحیتوں کو ابھاریں۔اس موقع پر مہمان خصوصی کےطورپر رکن اسمبلی شارداپوریا نائک،ڈی ڈی پی آئی پرمیشورپا،ضلع پنچایت کے سابق صدرکلگوڈرتناکر،سوڈاکے سابق صدراین رمیش،سوناگروپ کے چیرمین اقبال حبیب سیٹھ ، ملناڈ ٹرسٹ کے کارگذارصدر اعجازاحمد،خزانچی اعجازاحمد ، ڈائریکٹر افتخاراحمدخان،جنر ل سکریٹری مدثراحمد،محمد لیاقت، اخلاص انگلش اسکول کے سکریٹری سیدنورالحق،مرکزسعادیٰ کے سرپرست عبدالطیف تنگل،مدرسہ مظہرالعلوم کے مہتمم مولانا سید مجیب اُللہ قاسمی وغیرہ موجودتھے۔اس دورروزہ سائنسی نمائش میں مختلف تعلیمی اداروں کے35 ماڈلس پیش کئے گئے تھے،ان میں سے پہلا انعام اخلاص انگلش اسکول کے طلباء نے حاصل کیا،انعام کی شکل میں ان طلباء کو50ہزار روپئے نقد،سرٹیفکیٹ اور مومنٹوپیش کیا گیا ، جبکہ ان کی رہنمائی کرنےوالےٹیچرکو بھی 5 ہزار روپئے نقد انعام دیاگیا۔دوسرا انعام قدوائی انگلش اسکول کے طلباء نے حاصل کیا،انہیں40 ہزار روپئے نقد ،سرٹیفکیٹ اور مومنٹوپیش کیاگیا ،اسی طرح سے اننیا انگلش اسکول کے طلباء نے حاصل کیا،انہیں30 ہزار روپئے نقدکے علاوہ 5 ہزار روپئے ان کے ٹیچرکوانعام کے طورپر دئیے گئے ۔ ان تین اہم انعامات کےعلاوہ8/اسکول جن میں ملت ہائی اسکول،الفاورق انگلش اسکول،امبرویالی انگلش اسکول،رابعہ انگلش اسکول ساگر،اسامہ ہائی اسکول شکاری پور،اخلاص انگلش اسکول ،الحبیب انگلش اسکول،الہلال انگلش اسکول اور الہدیٰ انگلش اسکول کوتسلی بخش انعامات5 ہزا رروپئے کے طورپر دئیے گئے ۔اس کے علاوہ شرکت کرنےوالے طلباء کو بھی سند،ٹرافی اور نقد انعامات دئیے گئے ہیں۔