بنگلورو:۔میں بھی وزیر اعلیٰ کی کُرسی کا دعویدار ہوں،مجھے وزیر اعلیٰ کی کُرسی پر بٹھایاجائے۔اس طرح کے اعلانات اپنے حامیوں کے ذریعے سے کرواکر کوئی بھی آج کل شہرت حاصل کرنے لگاہے اور دوڑ میں اپنا نام شامل کرنے کی کوشش کررہاہے۔اس بات کااظہار سابق ریاستی وزیر تنویر سیٹھ نے کیاہے۔انہوں نے آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اگر وزیر اعلیٰ کی کُرسی کی دعویداری کی جاتی ہے تو کیا غلط ہے،میں بھی وزیر اعلیٰ کی کُرسی کا دعویدار ہوں،کیا اقلیتوں کے پاس صلاحیت نہیں ہے کہ وہ ریاست کےو زیر اعلیٰ نہیں بن سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات کیلئے بھی دو مہینے کی معیاد باقی ہے ،ایسے میں پارٹی کو اقتدارمیں لانے کیلئے پیش رفت کرنا چاہیے،وہ چھوڑ کر پارٹی میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا درست نہیں ہے،اپنے حامیوں کولیکر وزیر اعلیٰ بنانے کی جو نعرے بازی کی جارہی ہے،اُس امیدوار کو ہی نقصان پہنچے گا۔تنویر سیٹھ نے مزیدکہاکہ میں بھی کانگریس کی تہذیب سے جڑا ہواہوں،میں کسی کی تائید نہیں کررہاہے،میرے خون میں کانگریس ہے اور کانگریس چھوڑکر کسی اور پارٹی کا رخ کرنے والانہیں ہوں۔پارٹی میں گروہ بندی کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے،جن لوگوں نے ماضی میں گروہ بندی کی تھی،اُن کا حشرکیاہواوہ سب جانتے ہیں۔
