ارشنگیرے جامع مسجد ا ہل سنت والجماعت کاافتتاح; افتتاحی تقریب میں بلاتفریق مذہب کے لوگوں نے کی شرکت 

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شکاری پور:۔شکارپور تعلق کا ایک چھوٹا سا دیہات ارشنگیرے میں جامع مسجد کی ازسر نو تعمیر کی گئی،اور مسجد کا افتتاح بہت ہی شانداراور الگ انداز میں کیا گیا۔ مسجد کی افتتاحی تقریب میں گاؤں کے تمام مذاہب کے لوگوں کو مدعو کیا گیا تھا اور اس افتتاحی جلسہ میں  ہم وطن بھائیوںاور بہنوں نےاپنے بچوں کے ساتھ شرکت کی اور مسجد کا معائنہ کرتے ہوئے کافی وقت تک مسجد میں وقت گزارا۔ اس موقع پر آنے والے غیر مسلموں کو مسجد کا کردار اور اسلام کے متعلق محمد آصف شرالکپہ نے تفصیلات دیں  ۔تقریب کے اختتام تک مسجد میں لوگ آتے رہے اور اسلامی تعلیمات سے روشناس ہوئے۔ گاؤں میں ایک جشن کا ماحول بنا ہوا تھا۔ تمام لوگ بغیر کسی تفریق مذہب کے اس خوشی میں شریک رہے۔ مسجد کمیٹی کی جانب سے تمام لوگوں کے لیے دوپہر کے کھانے کا بھی انتظام کیاگیاتھا۔ اس موقع پر ضلعی وقف مشاورتی کمیٹی کے صدرمحمدشفیع اللہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ارشنگیرے کے مسلمانوں نے تمام ضلعے کی مساجد کے لیے ایک مثال قائم کی ہے اور یہاں کے لوگ واقعی میں قابل مبارکباد ہیں۔اس تقریب میں داونگیرے انجمن اسلام کمیٹی کے تمام ذمہ داران بھی شریک رہے۔مسجد کے اہم ذمہ داروں میں سے ایک  عبدالواجد نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں مسجد کو ایک مرکزی حیثیت حاصل ہے اور ہمارے مساجد فرقوں مکتبوں سے آگے اٹھ کر اسلام کی تبلیغ کے مراکز بننا ضروری ہے،لہٰذا اسی کوشش میں آج غیر مسلموں کو بھی یہاں مدعو کیا گیاہے۔ اس موقع پر لنگایت سماج کے اہم لیڈر یم ڈی سوامی نے جذبات سے بھرپور بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری زندگی کا اہم دن ہے ۔ ایک مسجد کے منبر کے قریب کھڑے ہونے کا مجھے شرف حاصل ہواہے ، اس مسجد کے ذمہ داروں نے انسانیت کے پیغام کو عام کیا ہے۔ مسجد کے صدر سمیع اللہ نے مہمانوں کا استقبال کیا اور سکریٹری عطا اللہ نے اظہار تشکر پیش کیا ۔