آپؓ کانام ’’فاطمہ‘‘اورآپ ؓحضورنبی اکرم ،نورمجسم ،شاہ بنی آدم ، نبی محتشم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی صاحبزادیوں میں سب سے چھوٹی لیکن سب سے زیادہ پیاری اورلاڈلی ہیں۔آپؓ کی ولادت مبارکہ کے سال میں اختلاف ہے ۔بعض لوگوں نے کہاکہ جب نبی اکرم ﷺکی عمرشریف اکتالیس41؍ برس کی تھی ،توآپ پیداہوئیںاورکچھ لوگوں نے لکھاہے کہ اعلان نبوت سے ایک سال قبل ان کی ولادت ہوئی ۔اورعلامہ ابن جوزی نے تحریر فرمایاہے کہ اعلان نبوت سے پانچ سال پہلے 20؍ جمادی الثانی بروز جمعہ مبارکہ جبکہ خانۂ کعبہ کی تعمیرہورہی تھی آپ پردۂ عدم سے منصہ شہودپرجلوہ گرہوئیں ۔آپ کی تربیت حضور اکر م، ﷺاورام المؤمنین حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہانے فرمائی ۔حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہاکے انتقال کے بعدرسول خداﷺ نے آپ کی تربیت وپرورش کیلئے حضرت فاطمہ بنت اسدکاانتخا فرمایا۔جب ان کابھی انتقال ہوگیاتواس وقت آقائے دوجہاں ﷺنے حضرت ام سلمیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کوان کی تربیت کی ذمہ داری عطا فرما د ی ۔
القاب اورکنیت: آپ کے مشہورالقاب میں ’’زہرا ، بتول، محدِّثہ ،خیرالنساء،صدیقہ اورسیدۃ النساء العالمین‘‘ (دنیاوجہاں کی عورتوں کی سردار ) ہیں ۔ مشہورکنیت’’ام الائمہ، ام السبطین،ام ابیھااورام الحسنین ہیں۔آپ کامشہورترین لقب’’ سیدۃ النساء العالمین‘‘ایک مشہورحدیث پاک کی وجہ سے پڑاجس میں حضورپاکﷺنے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے متعلق فرمایاکہ وہ دنیاوآخرت میں عورتوں کی سیدہ (سردار) ہیں۔اس کے علاوہ’’خاتون جنت ،طاہرہ، زکیہ، مرضیہ، سیدہ ، عذرا ء‘‘ وغیرہ بھی القاب کے طورپرملتے ہیں۔
آپؓ کابچپن:حضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہا کی ابتدئی تربیت خودسرکاردوعالمﷺ اوراُم المؤمنین حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے فرمائی ۔بچپن ہی میں آپ کی والدۂ ماجدہ حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہاکاانتقال ہوگیا۔انہوں نے اسلام کا ابتدائی زمانہ دیکھااوروہ تمام تنگی برداشت کی جو آقائے دوجہاں ﷺ نے ابتدائی زمانہ میں قریش کے ہاتھوں برداشت فرمائی تھی۔حضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہادل کی گہرائی کے ساتھ اپنے والد مکرم،امام الانبیاء ﷺ کاخیال رکھتی تھیں ۔آپ انتہائی خلوص کے ساتھ اپنے قلب میں موجزن مہربانی اورالفت ومحبت کاسایہ اپنے والد مکرم خاتم الانبیاء ﷺپر پھیلادیتی تھیں اور اپنے مشن اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران پیغمبر اسلام ﷺ کو جوزخم لگتے تھے حضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہاایک شفیق ماں کی طرح آپ علیہ السلام کامرہم بن جاتی تھیں۔یہاں تک کہ آقائے دوجہاںﷺکویہ محسوس ہونے لگتاکہ گویا ان کی والدۂ محترمہ دوبارہ اپنی حقیقی روح کے ساتھ زندہ ہوگئیں ہیں۔یہی وجہ تھی کہ آپ ﷺ نے اپنی لاڈلی بیٹی حضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہاکو’’ام ابیھا‘‘ (اپنے باپ کی ماں)جیسے مقدس لقب سے نوازا۔ حضورپاک ﷺ پرپڑنے والے مصائب و آلام کی وجہ سے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہاروتی تھیں تو حضور پاک ﷺ اپنی لاڈلی بیٹی سے فرماتے کہ ائے جان پِدررونے کی ضرورت نہیں ہے خدائے وحدہٗ لاشرک ضرورتمہارے والد مکرم (ﷺ)کی مدد فرمائیگا۔حضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہاکے بچپن ہی میں ہجرتِ مدینہ طیبہ کاواقعہ ہوا ۔ حضور پاک ﷺنے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو لوگوں کی امانتیں واپس کرنے کیلئے مکہ مکرمہ میں رہنے کاحکم دیاتھا۔امانتیں واپس کرنے کے بعد حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت فاطمہ بنت اسد،حضرت فاطمہ زہرااورفاطمہ بنت زبیرجیسی محترم خواتین کاقافلہ لے کرچلے۔ حضرت ام سلمیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول ﷺ نے حضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہاکو میرے سپرد کیا۔میں نے انہیں ادب سکھانا چاہا مگر خدائے رب ذوالجلال کی قسم فاطمہ تومجھ سے زیادہ مؤدب تھیں اورتمام باتیں مجھ سے بہتر جانتی تھیں۔
آپؓکانکاح:حضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہاسے شادی کی خواہش کئی لوگوں نے کی ۔طبقات ابن سعدوغیرہ کے مطابق حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اوربعد میں حضرت عمرفاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نکاح کرنے کرے بارے میں پیغام بھیجا مگردونوںحضرات کوحضورپاک ﷺ نے یہ کہہ کرانکارفرمادیاکہ مجھے اس سلسلے میں وحی الٰہی کاانتظارہے۔کچھ عرصہ بعد حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم نے اسی خواہش کا اظہارکیا تو حضوراکرمﷺنے بحکم الٰہی اسے قبول فرمالیا۔ ایک روایت میں حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:اللہ تبارک وتعالیٰ نے مجھے حکم فرمایاہے کہ میں اپنی بیٹی فاطمہ کانکاح علی ؓسے کردو ں ۔ مشہور روایت کے مطابق ۱۸؍سال اوربعض روایتوں کے مطابق ساڑھے پندرہ سال کی عمر ۲ ھ میں آپ کانکاح شیرخداعلی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ ہوا۔مَہرکہ جس پرعقداقدس ہواچارسومثقال چاندی تھی یعنی پورے ایک سوساٹھ روپے بھر (فتاویٰ رضویہ ،ج۵،ص۳۲۵)آپ کاجہیز:شہنشاہ کونین ﷺنے اپنی پیاری اورلاڈلی بیٹی کو جوجہیز دیاوہ بان کی ایک چارپائی تھی اورچمڑے کاایک گداجس میں روئی کی جگہ پر کھجور کے پتے بھرے ہوئے تھے اورایک چھاگل ، ایک مشک ،دوچکیاں اورمٹی کے دوگھرے (سیر الصحابیات،ص۱۰۰)
یہ مختصرجہیزدے کررسول اللہ ﷺ کی آنکھوں میں آنسوآگئے اورآپ ﷺنے دعا فرمائی کہ ائے اللہ ان پر برکت نازل فرماجن کے اچھے سے اچھے برتن مٹی کے ہیں۔یہ جہیزاسی رقم سے خریداگیا تھا جوحضرت علی نے اپنی زرہ بیچ کرحاصل کی تھی ۔ رخصتی کے جلوس میں حضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہا اشہب نامی ناقہ پرسوارہوئیں جسکے ساربان حضرت سلما ن فارسی رضی اللہ تعالیٰ عنہ تھے ۔ازواج مطہرات جلوس کے آگے آگے تھیںبنی ہاشم ننگی تلواریں لئے جلوس کے ساتھ تھے ۔ مسجد کا طواف کرنے کے بعدحضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہا کو حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کے گھرمیں اُتا ر اگیا۔
ابتک حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضورنبی اکرم ﷺ کے پاس رہتے تھے شادی کے بعدالگ گھرکی ضرورت ہوئی توحضرت حارثہ بن نعمان انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپناایک مکان اُن کودے دیا۔جب حضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہااس نئے گھر میں گئیں توحضوراکرمﷺ ان کے یہاں تشریف لے گئے ۔دروازہ پرکھڑے ہوکراجازت طلب کی پھراندرتشریف لے گئے۔جب عقدنکاح کی رسم اداہوگئی توحضوراکرم،نورمجسم،سیدعالم ﷺ نے کھجورکاایک تھال منگوایااورحاضرین کے سامنے رکھ کر فرمایاکہ لے جاکرتقسیم کردو۔پھرحضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو فرمایا’’لاتحدث شیئاحتیٰ تلقانی‘‘یعنی میرے حکم کے بے غیرکسی سے بات نہ کرنا۔اس کے بعدبی بی ام ایمن رضی اللہ تعالیٰ عنہاخاتون جنت حضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہاکولائیں اوربی بی صاحبہ کوگھرکے ایک کونے میں بٹھادیااور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ گھرکے دوسرے کونے میں بیٹھے حتٰی کہ حضورسرورعالم ﷺ تشریف لائے اوربی بی فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہاسے فرمایاپانی لائیے۔بی بی فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا شرم وحیاء سے کپڑوں میں چھپی چھپی ایک پیالے میں پانی لائیں۔ حضورپاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم وہ پیالہ لے کراس میں کلی کی اوربی بی صاحبہ سے فرمایالیجئے اس پانی سے اپنے سینوں اورسرپرچھینٹے ماریئے اورفرمایا’’اللھم انی اعیذھابک وذر یتھا من الشیطان الرجیم‘‘یعنی ائے اللہ!میں اسے اوراس کی اولاد کوتیری پناہ میں دیتاہوں اوران کیلئے شیطان رجیم سے پناہ چاہتاہوں ۔بعدہٗ پھرفرمایا’’ائتونی بماء‘‘پانی لائیے۔ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایاکہ میں سمجھ گیاکہ یہ میرے لئے ہوگا۔اس لئے میں اٹھااورپانی کاپیالہ بھرلایا آپﷺنے اسے لیکرکلی کرکے پیالے میں ڈال دی اور میرے لئے وہی حکم فرمایاجوفاطمہ (رضی اللہ تعالیٰ عنہا ) کو فرمایا تھا۔ پھرمیرے لئے وہی دعا مانگی جوفاطمہ(رضی اللہ تعالیٰ عنہا ) کے لئے مانگی تھی ۔اس کے بعد ہمارے لئے مشترکہ دعاء مانگی :’’اللھم بارک فیھماوبارک علیھما وبارک لھمافی شملھما‘‘یعنی ائے اللہ!ان دونوں میں اوران دونوں کیلئے ان دونوں کے قربت میں برکت عطافرما۔پھرآپ ﷺنے سورۂ اخلاص اور معوذتین پڑھیں اورمجھے(حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو) فرمایا ’’ادخل باھلک باسم اللّٰہ والبرکۃ ‘‘ یعنی اپنی اہلیہ کو اللہ کے نام اوراس کی برکت سے لے جا۔
شادی کے بعد کی زندگی :آ پ کی شادی کے بعد زَنانِ قریش انہیں طعنے دیتی تھیں کہ ان کی شادی ایک غریب شخص سے کردی گئی ہے۔جس پرانہوں نے رسالت مآب ﷺ سے قریش کے عورتوں کی شکایت کی تورسول اکرم ﷺ نے حضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہاکوتسلی دی کہ ائے فاطمہ ایسانہیں ہے بلکہ میں نے تیری شادی ایک ایسے شخص سے کی ہے جواسلام میں سب سے اول ،علم میں سب سے اکمل اورحلم وتدبرمیں سب سے افضل ہے۔کیاتمہیں نہیں معلوم کہ علی میرابھائی ہے دنیا اور آخرت میں؟۔یہ سُن کرحضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہاخوش ہوکرمسکرانے لگیں اورعرض کیاکہ یارسول اللہ ﷺ میں اس پرراضی اورخوش ہو ں ۔ شادی کے بعدآپ کی زندگی کا ایک ایک لمحہ خواتین عالَم کیلئے ایک مثال ہے۔آپ کے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ بھی مثالی تعلقات تھے ۔کبھی ان سے کسی چیزکاتقاضانہیں کیا۔ایک دفعہ آپ ؓ بیمار پڑگئیں توحضرت علی ؓنے پوچھاکہ کچھ کھانے کودل چاہتاہے توبتاؤ ۔آپ نے کہاکہ میرے پِدرِ بزرگوار نے تاکیدکی ہے کہ میںآپ سے کسی چیزکاسوال نہ کروں،ممکن ہے کہ آپ اس کوپورانہ کرسکیں اورآپ کورنج ہو۔اس لئے میں کچھ نہیں کہتی ۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہاکایہ اُسوہ ٔ حسنہ تمام خواتین عالَم کے لئے نمونۂ عمل ہے۔
آپ کی گھریلوزندگی: شہنشاہ دوعالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی صاحبزادی ہونے کے باوجودحضرت فاطمہ زہرارضی اللہ تعالیٰ عنہااپنے گھرکاکاروبارخودکرتی تھیں،جھاڑواپنے مقدس ہاتھ سے دیتی تھیں،خو د کھاناپکاتی تھیں بلکہ چکی بھی اپنے ہاتھ سے پیستی تھیں اورمشک میں پانی بھرکرلایاکرتی تھیں جس سے ہاتھ پرچھالے اوربدن پرگٹھے پڑگئے تھے ۔ایک بار مالِ غنیمت میں کچھ باندی اورغلام آئے ہوئے تھے ۔آپ نے ڈرتے ڈرتے حضور پاک ﷺ سے گھریلوکاروبارکیلئے ایک لونڈی مانگی اور ہاتھ کے چھالے دکھائے تو حضور پاک ﷺ نے فرمایاجانِ پِدر!بدرکے یتیم بچے تم سے پہلے اس کے مستحق ہیں ۔ (سیرت الصحابیات)
آپ نے کئی جنگیں بھی دیکھیں جن میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نمایاکرداراداکیامگرکبھی یہ نہیں چاہاکہ وہ جنگ میں شریک نہ ہوںاوران کی جان کوکوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔جنگ اُحدمیں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سولہ۱۶؍زخم کھائے اوررسول اکرم ﷺ کاچہرۂ اقدس بھی زخمی ہوامگرآپ نے کسی خوف وہراس کامظاہرہ نہیںکیااورمرہم پٹی ،علاج اورتلواروں کی صفائی کے فرائض سرانجام دیئے۔
آپ ؓکے فضائل ومناقب: حضرت سیدہ فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہاکے فضائل میں بے شمار حدیثیں واردہیں جن میں سے چندروایتیں ملاحظہ ہو ں۔
(۱)بخاری ومسلم شریف کی روایت ہے کہ سرکار اقدس ﷺ نے فرمایا:کہ فاطمہ میرے گوشت کا ایک ٹکڑا ہے ۔توجس نے اسے غضبناک کیااس نے مجھے غضبنا کیا۔اورایک روایت میں ہے کہ ناراض کرتی ہے مجھ کووہ چیز جوفاطمہ کوناراض کرتی ہے اوراذیت دیتی ہے مجھ کووہ چیز جوفاطمہ کواذیت دیتی ہے (مشکوٰہ شریف،ص۵۶۸)(۲)آقاعلیہ السلام ارشادفرماتے ہیں کہ ’’فاطمۃ سیدۃ نساء اھل الجنۃ‘‘یعنی حضرت فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہاجنتی عورتوں کی سردارہیں(بخاری شریف،ج ۱ ، ص ۵۳۲) (۳)اورابن عبدالبرروایت کرتے ہیں کہ رسول کریم علیہ افضل الصلوٰۃ واکمل التسلیم نے حضرت فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہاسے فرمایا کہ:ائے بیٹی ! کیاتو اس بات پرراضی نہیں ہوکہ تم سارے جہاںکی عورتوں کی سردارہو؟ حضرت فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہانے عرض کیااباجان پھرحضرت مریم کا کیا مقام ہے۔حضور اکرم ﷺ نے فرمایا وہ اپنے زمانے کی عورتوں کی سردارہیں۔(الشرف المؤبد، ص۵۴) (۴)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضرت علی ؓنے عرض کیا یارسول اللہ ﷺ !ہم میں سے کون زیادہ آ پ کومحبوب ہے ۔ ’’مَیں یافاطمہ؟ حضورنبی اکرمﷺ نے فرمایا فاطمہ مجھے تم سے زیادہ محبوب ہے اورتم میرے نزدیک ان سے زیادہ عزت والے ہو۔ (الشرف المؤبد،ص۵۳)
آپ ؓکی وفات: سرکاراقدس ﷺ کے وصال فرمانے کاآپ کو ایساسخت صدمہ ہواکہ اس واقعہ کے بعد کبھی آپ ہنستی ہوئی نہیں دیکھی گئیںیہاں تک کہ چھ ماہ بعد ۳؍رمضان المبارک ۱۱ ھ کومنگل کی رات میں آپ نے وفات پائی ۔آپ کی تجہیز وتکفین میں ایک خاص قسم کی جدت کی گئی اسلئے کہ اس زمانے میں رواج یہ تھاکہ مردوں کی طرح عورتوں کاجنازہ بھی بے پردہ نکالاجاتا تھامگر سیدہ حضرت فاطمہ زہراہ رضی اللہ تعالیٰ عنہاکے مزاج اقدس میں چونکہ انتہائی شرم وحیاتھی اس لئے انہوں نے قبل وفات حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بیوی حضرت اسماء بنت عُمیس رضی اللہ تعالیٰ عنہاسے فرمایا کہ کھلے ہوئے جنازہ میں عورتوں کی بے پردگی ہوتی ہے جسے میں ناپسندکرتی ہوں تو انہوں نے حضرت سیدہ کے لیے لکڑیوںکاایک گہوارہ بنایاجسے دیکھ کرآپ بہت خوش ہوئیں ۔ عورتوں کے جنازہ پرآج کل جوپردہ لگانے کا دستورہے اس کی ابتداء آپ ہی سے ہوئی ۔حضرت علی یاحضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہمانے آپ کی نمازجنازہ پڑھائی اورصحیح ومختار قول یہی ہے کہ آپ جنت البقیع میں مدفون ہوئیں۔(مدارج النبوۃ )
محمد صدرِعالم قادری مصباحیؔ۔بنگلور
9620747322
سیدہ زاہدہ،طیبہ طاہرہ،بنت خیرالوریٰ حضرت فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہا
(۳؍رمضان المبارک یوم وصال پرخصوصی تحریر)
