شہنشاہ جذبات یوسف خان عرف دلیپ کمار کا 98 سال کی عمر میں انتقال

سلائیڈر نیشنل نیوز

ممبئی:۔ہندوستان کے عظیم فنکار اور شہنشاہ جذبات کے نام سے مشہور دلیپ کمار کا 98 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ ان کا علاج کر رہے ڈاکٹر جلیل پارکر نے اس کی تصدیق کی ہے۔ دلیپ کمار کافی دنوں سے علیل چل رہے تھے اور ان کا ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔ کچھ دن پہلے ان کے شفایاب ہونے کے بعد انہیں گھر لے جایا گیا تھا۔ تاہم ان کی طبیعت دوبارہ خراب ہو گئی اور انہیں دوبارہ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں کئی دن تک وہ آئی سی یو میں داخل رہے۔دلیپ کمار کو پچھلے ایک مہینے میں دو بار اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ 5 جولائی کو دلیپ کمار کے ٹویٹر ہینڈل سے ان کی صحت سے متعلق اطلاع دی گئی تھی۔ دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ دلیپ صاحب کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔ وہ ابھی اسپتال میں ہی ہیں، انہیں اپنی دعاؤں سے نوازیں لیکن ان کی صحت سے متعلق اس معلومات کے دو دن بعد ہی دلیپ کمار الوداع کہہ کر اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ ان کے جسد خاکی کو ہندوستانی پرچم میں لپیٹا گیا اور جب انھیں ان کی رہائش سے سانتاکروز قبرستان کی طرف لے جایا جا رہا تھا تو ایمبولنس پر سوار کرنے سے پہلے انھیں گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ اس موقع پر وہاں موجود سبھی لوگوں کی آنکھوں میں آنسو چھلک پڑے۔ دلیپ کمار کا اصل نام محمد یوسف خان تھا اور ان کی پیدائش موجودہ پاکستان کے پشاور شہر میں ہوئی تھی۔ دلیپ کمار کے سانحہ ارتحال پر بالی ووڈ سمیت ملک بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور متعدد اہم شخصیات نےانہیں خراج تحسین پیش کیاہے۔اس موقع پرصدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے دلیپ کمار کی وفات پر جاری اپنے پیغام میں کہاکہ ، ’’دلیپ کمار نے اپنی شخصیت سے ابھرتے ہوئے ہندوستان کی تاریخ کا خلاصہ کیا۔ ان کی دلکش اداکاری نے تمام حدود کو عبور کر لیا اور برصغیر بھر میں انہیں پسند کیا گیا۔ ان کے انتقال کے ساتھ ہی ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا۔ دلیپ کمار ہندوستان کے قلب میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔وزیر اعظم نریندر مودی نےدلیپ کمارکے انتقال پر غم کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ دلیپ کمار سینما کے لیجنڈ کے طور پر یاد کیے جائیں گے۔ وہ بے مثال مہارت کے حامل تھے، جس کی وجہ سے لوگوں نے نسل در نسل انہیں پسند کیا۔ ان کی وفات سے ہماری ثقافتی دنیا کو نقصان پہنچا ہے۔دلیپ کمار کے انتقال پر اہم شخصیات تعزیتی پیغام جاری کر رہی ہیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے دلیپ کمار کی ہندوستان سنیما میں کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون کو آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔