کرناٹکا پولیس میں اسپیشل افسروں کی بھرتی !!

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔ اب کبھی جرم ہوگا تو سونی ٹی وی کے سیریل سی آئی ڈی کے اے سی پی پردیومن اور دیا کی طرح کرناٹک پولیس میں بھی ایسے افسروں کی تقرری ہورہی ہے جو جائے واردات پر پہنچ کر کچھ تو گڑ بڑ ہے کا پتہ لگائیں گے ۔ بھارت میں پہلی بارکرناٹکا پولیس میں اسپیشل آفیسروں کی تقرری کیلئے منظوری دی ہے،جن کا کام ہے جرائم کے مقامات پر سے شواہد اکٹھا کرنا،ثبوت جمع کرنا اور جرم کی نوعیت کے تعلق سے تفصیلات اکٹھا کرنا۔ان افسروں کو کرائم سین انوسٹیگیشن افسر کا نام دیاگیاہے۔بھارت میں محکمہ پولیس کے درمیان اس طرح کے افسروں کی تقرری کیلئے ریاست میں یہ پہلا قدم ماناجارہاہے۔وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپانے ان افسروں کی تقرری کیلئے ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے206 افسروں کو تقررکرنے کیلئے احکامات جاری کئے ہیں۔ان افسروں کی ذمہ داری یہ ہوگی کہ وہ فارنسک سائنس میں مہارت رکھنے کے علاوہ جرائم کے تعلق سے تحقیقات کرنے کیلئے صلاحیت رکھتے ہوں۔جیسے ہی کوئی جرم پیش آتاہے تو یہ افسر موقع پر پہنچ کر ثبوتوں کو اکٹھا کرینگےاور ان کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات اٹھائینگے۔اس کے علاوہ عدالت میں گواہی دینے کیلئے بھی ان افسروں کو اختیارات دئیے جائینگے۔واضح ہو کہ اس طرح کے افسروں کی تقرری یورپ اور عرب ممالک کی پولیس کرتی ہے اور بھارت میں یہ پہلا موقع ہے ۔