بنگلورو:۔بدعنوانی رشوت خوری کے معاملے میں سابق سی ایم یڈی یورپا، ان کے بیٹے وجیندرا اوران کے حامیوں کے خلاف درج کردہ کریمنل عرضی کے تعلق سےکرناٹکا ہائی کورٹ نے آج یڈی یورپا سمیت دیگر افراد کو نوٹس جاری کی ہے۔رشوت خوری کے تعلق سے تحقیقات کرنے کیلئے ایک شخص نے عدالت میں شکایت درج کروائی تھی،یہ عرضی پہلے پی آر کورٹ یعنی عوامی نمائندوں کی خصوصی عدالت میں عدالت درج کروائی گئی تھی،جہاں پر اس عرضی کو سنوائی کرنے سے انکارکیاگیا۔اس کے بعد سماجی کارکن ٹی جےابراہم نے ہائی کورٹ میں یہ عرضی دائرکی ہے ۔ آج اس عرضی کی سنوائی کرنے کے بعد جسٹس سونیل دت یادو کی قیادت والی بینچ نے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا،ان کے بیٹے بی وائی وجیندرا ، ششی دھرمرڈی ، سنجئے شری، چندر کانت رام لنگم،ایس ٹی سوم شیکھر ، آئی اے ایس ڈاکٹر جے سی پرکاش، کے روی، ویروپاکشپا کو ارجنٹ نوٹس جاری کی ہے اور اس معاملے کی سنوائی اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کی گئی ہے۔دراصل یہ معاملہ یڈی یورپا اور ان کے اہل خانہ کی رشوت خوری و بدعنوانی سے جڑا ہواہے،عرضی گذار کا کہناہے کہ سابق سی ایم بی ایس یڈی یورپا کے بیٹے بی وائی وجیندرا اور دیگر افرادنے مل کر بدعنوانی کو فروغ دیاہے،سابق وزیر اعلیٰ یڈی یورپاکے اہل خانہ نے نقلی کمپنیوں کی بنیاد رکھی ہے،حکومت کے مختلف منصوبوں کے ذریعے ان کمپنیوں کو امداد پہنچائی گئی ہے اور کچھ سرمایہ داروں سے رشوت بھی لی گئی ہے۔سماجی کارکن ٹی جے ابراہم نے اس تعلق سے 19/ نومبر 2020 کو اے سی بی کورٹ میں معاملہ درج کروایاتھا،لیکن اے سی بی کورٹ نے15 دسمبر2020 کو اس معاملے کومستردکردیاتھا،اس کے بعد عرضی گذارنے 6 جون 2021 کو خصوصی عدالت میں ٹی سی آر درج کیا ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ یڈی یورٌپاودیگر افراد پرکرپشن ایکٹ کی شق 7،8،9،10،13 اور آئی پی سی کے تحت 383-384،415،418،420 اور 120Bکے مطابق ایف آئی آر درج کرتے ہوئے مناسب تحقیقات کرنے کیلئے متعلقہ جانچ ایجنسیوں کو احکامات دینے کی درخواست کی ہے۔اس پر سنوائی کرنے کے بعد کرناٹکا ہائی کورٹ نے متعلقہ افرادکو نوٹس جاری کی ہے۔معاملے کی اگلی سنوائی اسی مہینے کے دوسرے ہفتے میں انجام دی جائیگی۔
