چکمگلور : رمضان المبارک کا مہینہ ہم پر سایہ فگن ہونے والاہے۔ نیک بندوں کیلئے یہ نیکیوں کا موسم بہار ہے۔ رمضان کاہر لمحہ متبرک اورنیکیوں میں ڈوبا ہوتا ہے۔ اس ماہ مبارک کی ہر ساعت نورسے منور ہوتی ہے۔یہ ماہ مبارک خدا سے قریب ہونے کا مہینہ ہے۔ اللہ کا وعدہ ہے کہ ماہ مبارک جو بھی بندہ پابندی سے روزہ رکھکر عبادت کرتا ہے تو اس بندےکے جہنم سے آزادی کا پروانہ عطا کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند چکمگلور کی جانب سے منعقدہ جلسہ استقبال رمضان بمقام مسجد اعظم چکمگلور میں جناب مولانا عبداللہ اطہر عمری ناظم ضلع چکمگلور فرمارہے تھے۔ انہوں نے ماہ رمضان المبارک کی فضلیت اورہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ہرمومن بندے کو چاہئے کہ وہ رمضان المبارک کا استقبال کرے اوررمضان کی آمد سےقبل اپنے آپ کو عبادت کیلئے تیار کرلیں۔یہ مہینہ بہت عظیم اوربابرکت ہے اوراس کا ہرلمحہ قیمتی ہے۔ رمضان المبارک وہ یہ مہینہ ہے جسمیں اللہ تعالیٰ قرآن مجید کو نازل فرمایا۔ اسی ماہ میںتمام آسمانی کتابیں نازل ہوئی ہیں۔ قرآن مجید کے نزول کے سبب ہی اس ماہ میں روزے فرض کئے گئے ۔ اللہ کے رسول حضرت محمدﷺ نے فرمایا کہ اس ماہ میں تمام شیاطین قید کردے جاتے ہیں اورجہنم کے دروازے بند کردےجاتے ہیںاورجنت کے دروازے کھول دے جاتے ہیں ۔ اس ماہ مبارک میں افطار کے وقت جنت کی طلب اورجہنم سے چھٹکارے کی دعاکرنا چاہئے۔ اس ماہ مبارک میں اللہ تعالیٰ ایک نیکی کے بدلے ستردرجہ ثواب عطاکرتا ہے۔ اس ماہ میں ایک عظیم رات ہے جو ہزار مہینوں کے برابر ہے۔ جسکو پانے کی کوششیں کرنا ہے۔ روزہ صرف بھوکارہنے کا نام نہیں بلکہ اس سے پرہیز گاری اورتقویٰ حاصل کرنا ہے۔ اس ماہ مبارک میں جو بھی بندہ صدق دل سے روزہ رکھ کرعبادت کریگا تو اللہ تعالیٰ اسکے تمام پچھلے گناہ معاف کریگا۔ لہٰذا ہمیں چاہئے کہ اس مبارک ماہ کو پانے کے بعد اسکی صحیح قدر کریں اوراپنی بخشیش کروالیں۔ جلسہ کا آغاز لطف الرحمن ایثار کی تلاوت کلام الٰہی مع ترجمے سے ہوا۔ افتتاحی کلمات واستقبال رضوان خالد امیر مقامی نے کیا اورانہیں کی جانب سے اظہار تشکر ادا کیا گیا ۔ جلسے میں کثیر تعداد میں مردوخواتین حاضر تھے۔
