یوگی راج میں جنگل راج ؛ یوگی کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کرنے والے سابق آئی پی یس افسر ہوئے گرفتار

سلائیڈر نیشنل نیوز

اتر پردیش میں یوگی راج نہیں جنگلی راج ہے یہ بات ثابت ہوئے کئی دن گز ر چکے ہیں لیکن آج یہ بات پھر سے ثابت ہوچکی ہے ،اتر پردیش کی یوگی حکومت کو اکثر تنقید کا نشانہ بنانے والے اور وزیر اعلیٰ یوگی کے خلاف آئندہ اسمبلی الیکشن میں کھڑے ہونے کا اعلان کرنے والے اتر پردیش کے سابق آئی پی ایس افسر امیتابھ ٹھاکر کو یو پی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ امیتابھ ٹھاکر کو لکھنؤ کی حضرت گنج پولیس نے جبراً گرفتار کر کے انھیں گاڑی میں بٹھایا جس کی تصویریں سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں۔ موصول ہو رہی خبروں کے مطابق امیتابھ ٹھاکر کے خلاف سپریم کورٹ کے باہر خودکشی کرنے والی خاتون کو خودکشی کے لیے اکسانے کا معاملہ درج کیا گیا تھا۔ ٹھاکر کی گرفتاری کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا ہے جس میں پولیس کے کئی جوان اور افسران امیتابھ ٹھاکر کو جبراً اٹھا کر گاڑی میں بٹھا رہے ہیں۔ گاڑی میں بٹھانے کے دوران امیتابھ ٹھاکر لگاتار پولیس کی مخالفت کر رہے ہیں اور کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں کہ ’’میں نہیں جاؤں گا‘‘۔اس واقعہ کے تعلق سے سماجوادی پارٹی سربراہ اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کا رد عمل بھی سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’سابق پولیس کے خلاف بی جے پی حکومت کی پولیس کا حیرت انگیز کام! بی جے پی کی سیاست لوگوں کے درمیان دراڑ پیدا کر کے ہی زندہ ہے۔ اب بی جے پی حکومت کے دباؤ کے سبب پولیس ہی پولیس کے خلاف کام کرنے پر مجبور ہے۔ ایک سبکدوش آئی پی ایس کے ساتھ ایسا سلوک معافی کے قابل نہیں ہے۔ اندازہ لگائیں کہ یو پی میں اگر یوگی کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان ہی اتنا خطرناک ہے تو الیکشن لڑنے کا کیا حشر ہوگا۔