ہماچل پردیش میں مونسون نے تباہی مچا دی؛ اب تک 374 افراد ہلاک 

سلائیڈر نیشنل نیوز
شملہ:۔ اس بار ہماچل پردیش میں مونسون نے بڑی تباہی مچائی ہے۔ اس کی وجہ سے جان و مال کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ موسم اب بھی خراب ہے ، آنے والے چند دنوں میں کوئی راحت کی توقع نہیں ہے۔ کئی مقامات پر موسلادھار بارش جاری ہے۔لینڈ سلائیڈنگ اور خراب موسم کی وجہ سے آئے دن حادثات پیش آرہے ہیں۔ اب تک کے تخمینہ کے مطابق ریاست میں 998 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ وہیں ریاست میں 374 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ریاست میں اس باربارش موت لے کرآئی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے پیش کردہ اطلاعات و تفصیلات کے مطابق اس بار مونسون میں 13 جون سے 10 ستمبر تک 374 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 13 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ضلع کنور میں 4 ، کُلوُ ّمیں 3 ، لاہول اسپتی اور چمبہ میں 2-2 ، کانگڑہ اور سولن میں 1-1 افراد لاپتہ ہیں۔مونسون کی اس تباہی میں 664 مویشی بھی مر چکے ہیں۔ 45 پکے اور 106 کچے مکانات مسمار ہوئے ہیں۔374 میں سے 189 افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے، جب کہ مٹی کے تودے گرنے سے 53 اور سیلاب میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔ 33 افراد وہ ہیں جو ڈوبنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مونسون معمول کے مطابق چل رہا ہے، تاہم کئی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔ ریاست کے کچھ علاقوں میں اوسط سے کم بارش ہوئی ہے۔ زیادہ تر نقصان اچانک ہونے والی تیز بارشوں کی وجہ سے ہوا ہے۔ نقصانات کا ریاستی حکومت نقصان کا جائزہ لے رہی ہے۔