بنگلورو:(انقلاب نیوزبیورو):۔ کوویڈ کے پس منظر میںامسال ایس ایس ایل سی کے نتائج میں صد فیصد طلباء کامیاب ہوئے ہیں جس کی وجہ سے تمام پی یو کالجوں میں افزود سیکشن شروع کرنے کیلئے اجازت دی گئی ہے۔ اس بات کا اظہار ریاستی وزیر برائے ثانوی تعلیم بی سی ناگیش نے کیا ہے۔ انہوں نے آج ودھان سبھا میں سوال جواب کے دوران کہا کہ 5 ہزار اساتذہ کی تقرری کیلئے وزیر اعلیٰ نے پہلے ہی اعلان کیا ہے۔ ان تقررات کو ٹی ای ای کے تحت کئے جائیںگے۔ اس سلسلے میں تیاریاں شروع کی گئیں ہیں۔ کانگریس کے رکن ایس این سباریڈی نے یہ سوال کیا کہ اس دفعہ 100 فیصد طلباء کامیاب ہوئے ہیں انکی تعلیم کیلئے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ اس پر وزیر تعلیم نے جواب دیا کہ تمام پی یو کالجوں میں افزود سیکشن شروع کرنے کیلئے ہدایت دی گئی ہے۔ اگر ایک سیکشن میں 70 طلباء ہوںتو دو سیکشن شروع کرنے کیلئے منظوری دی گئی ہےاورہر سیکشن میں زیادہ سے زیادہ 50 طلباء ہونے چاہئے۔ ریاست میں 361 کالجوں کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ اس تعلق سے وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ بات کرنے کے بعد حتمی فیصلہ لیںگے۔
