دہلی:۔ ہندوستانی فوج کی 39 خواتین افسران کو سپریم کورٹ میں بڑی کامیابی ملی ہے۔ سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو ان خواتین افسران کو مستقل کمیشن دینے کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ اس سے متعلقہ احکامات جلد جاری کیے جائیں۔ نیز سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو 25 دیگر خواتین افسران کو مستقل کمیشن نہ دینے کی وجوہات کے بارے میں تفصیلی معلومات دینے کی بھی ہدایت دی ہے۔سماعت کے دوران ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل سنجے جین اور سینئر اڈوکیٹ آر بالاسبرامنیم جو مرکز کی طرف سے پیش ہوئے انہوں نے جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس بی وی ناگراتھنا کی بنچ کو بتایا کہ 72 خواتین افسران میں سے ایک نے سروس سے رہائی کے لیے درخواست دی ہے۔ اس لیے حکومت نے 71 مقدمات پر دوبارہ غور کیا ہے۔ ان میں سے 39 خواتین افسران مستقل کمیشن کی اہل ہیں ۔ مرکزی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ 71 میں سے 39 کو مستقل کمیشن دیا جا سکتا ہے۔ نیز مرکز نے کہا کہ 71 میں سے 7 طبی طور پر نااہل ہیں ، جبکہ 25 کے خلاف بے ضابطگی کے سنگین معاملے ہیں اور ان کی گریڈنگ خراب ہے۔
