حیدرآباد:۔ ایڈیٹر روزنامہ ’’رہنمائے دکن ‘‘سید وقار الدین قادری (82)کو دل کا دورہ پڑنےسے وہ اس دارِفانی سے کوچ کرگئے ۔ مرحوم سید وقار الدین انڈو عرب لیگ کے صدر نشین تھے اور انہوں نے فلسطینی کاز کیلئے بے تکان جدوجہد کی ۔ وہ فلسطین کے کاز کو ہمیشہ اہمیت دیا کرتے تھے ۔ حیدرآباد کی صحافتی دنیا میں انتہائی معتبر اور شریف النفس شخصیت کے طور پر مقبول تھے ۔مرحوم سید وقار الدین قادری کے صدر عراق صدام حسین مرحوم ‘ فلسطین کے صدر مرحوم یاسر عرفات ‘ سابق صدر فلسطین محمود عباس سے شخصی اور انتہائی قریبی مراسم تھے ۔ حیدرآباد میں انہوں نے انڈو عرب لیگ کے بیانر تلے فلسطینی کاز کی حمایت میں بے شمار جلسے منعقد کئے جن میں فلسطینی صدر یاسر عرفات ‘ وزیر اعظم ہند اندرا گاندھی کے بشمو ل کئی عالمی شخصیتوں نے شرکت کی تھی اور ان کی کاوشوں کی ستائش کی تھی ۔مرحوم سید وقار الدین کو فلسطین کا اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ ’ اسٹار آف یروشلم ‘ ( نجم القدس )سے بھی نوازا گیا تھا ۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی تھے۔ اس کے علاوہ انہیں مراقش کے اس وقت کے صدر شاہ محمد چہارم نے ’ صاحب الجلالہ ‘ ایوارڈ سے بھی نوازا تھا ۔وہ سابق چیف منسٹر آنجہانی این ٹی راما راؤ سے بھی کافی قربت رکھتے تھے اور ان کے دور چیف منسٹری میں وہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے صدر بھی رہے ۔
