تبلیغی جماعت کے خلاف سعودیہ عربیہ کا بیان پوری دنیاکے مسلمانوں کیلئے انتہائی تشویشناک:ارشدمدنی 

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔تبلیغی جماعت کے خلاف مملکت سعودیہ عربیہ کی وزارت شؤن اسلامیہ کے بیان کے پس منظر میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے ہندوستان میں سعودی سفیر سعود محمد بن ساطی سے ملاقات کے دوران کہا کہ جماعت تبلیغ کے سلسلہ میں مملکت سعودیہ کی وزارت شؤن اسلامیہ کا بیان پورے عالم کے مسلمانوں کے لئے انتہائی تشویش کا سبب بن گیاہے، چونکہ جماعت تبلیغ دیوبند ی مکتب فکر کی جماعت ہے، اس لئے یہ امردارالعلوم دیوبند اور جمعیۃعلماء ہند کے لئے بھی تشویش کا باعث ہے۔ مملکت سعودیہ اپنے ملک کے اندرجماعت کے بارے میں کیا موقف اختیارکرتی ہے ہمیں اس سے کوئی بحث نہیں اورنہ ہم نے کبھی اس سلسلہ میں کوئی بات کی ہے، لیکن اس وقت وزارت شؤن اسلامیہ کی طرف سے جماعت تبلیغ پر جس طرح کی تہمت لگائی گئی ہے صرف جماعت تبلیغ ہی کے لئے نہیں بلکہ تمام مسلمانوں اورخاص طورپر دین اورمذہب سے وابستہ لوگوں کے لئے بہت تکلیف دہ ہے۔ہم نے یہ چاہا کہ ہم اپنی اس تکلیف اورجذبات کو مملکت سعودیہ کے سفیر کے واسطہ سے وزیر شؤن اسلامیہ تک پہنچائیں اور ان کے اس بیان کے نتیجہ میں کیا مشکلات اور بدترین نتائج دین سے وابستہ مسلمانوں کو پہنچ سکتے ہیں ان سے باخبر کردیں، مجھے بڑی خوشی ہے کہ سعودی سفیر نے بڑے اچھے ماحول میں میرے خط کوپڑھا اور اس موضوع پر گفتگو کی اور اس سلسلہ میں مجھے بہترسے بہتر تعاون دینے کا انہوں نے مجھ سے وعدہ کیا ہے اوریہ بھی کہاکہ تم یہ سمجھ لوکہ یہ خط وزارت شؤن اسلامیہ تک پہنچ چکاہے وہاں سے مجھے یہ توقع ہے کہ تمہاری توقع کے مطابق جواب آئیگا۔میں سفیر کا ان کے حسن واخلاق اور اچھے ماحول میں گفتگوکرنے پر بہت ممنون و مشکور ہوں اور مجھے یقین ہے کہ وہ ہمارے بہترین ترجمان ثابت ہونگے اور ہماری اس گفتگو اورتحریر کے خاطرخواہ نتائج سامنے آئیں گے۔