بابائے تعلیم نے شرالکپہ میں تعلیم کی ایسی شمع جلائی جس کی روشنی آج بھی پھیل رہی ہے:حافظ ؔکرناٹکی

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شرالکوپہ:۔ الامین ہائی اسکول شرالکپّہ میں ڈاکٹر ممتاز احمد خان کی یاد، ڈاکٹر حافظ ؔکرناٹکی کی تہنیت اور ویکسین بیداری مہم کی کڑیوں کے تسلسل کے موقع سے ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اس جلسے میں یونی سیف کے ممبر اور قومی سطح کے ویکسین بیداری مہم اور ویکسین سب کے لیے کہ افسروں کے علاوہ ریاستی سطح اور تعلقہ سطح کے افسروں، اسکول کے ہیڈ ماسٹراساتذہ اور شہر کے ذی شعور حضرات اور طلبانے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی نے بابائے تعلیم ڈاکٹر ممتاز احمد خان کو بڑی شدّت اور محبت سے یاد کیا۔ اور کہا کہ ڈاکٹر ممتاز احمد خان کی تعلیمی خدمات بے مثال اور لازوال ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ممتاز احمد خان کی دوراندیشی کا ثمر ہے الامین ہائی اسکول شرالکپّہ انہوں نے تین دہائی پہلے شرالکپّہ میں اس اسکول کو قائم کرکے تعلیمی بیداری کی تحریک کو جو قوّت بخشی اسے کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتاہے۔ اس اسکول سے پڑھ کر نکلنے والے طلبا میں سے آج ہزاروں ایسے ہیں جو بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہیں ۔ اور ملک و قوم کی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے اپنی تقریرجاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ بھی بڑی اور ذمہ داری کی بات ہے کہ آج الامین ہائی اسکول سے ویکسی نیشن کے سفر کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی مہم شروع کی جارہی ہے تا کہ کورونا جیسے موذی مرض کا مقابلہ کیا جاسکے۔ حافظؔ کرناٹکی نے مزیدکہاکہ ہمیں ویکسی نیشن کی مہم کو مکمل کرنا ہےاور ہمیں پوری کوشش کرنی ہے کہ ایک بھی فرد ویکسین سے نہ بچے۔ انہوں نے زوردے کر کہا کہ آپ حضرات کو ویکسین کے اس مہم میں اتنی سرگرمی سے حصہ لینا ہے کہ یہ خیال غلط ثابت ہوجائے کہ مسلمان حکومت اور اپنی صحت کے متعلق سنجیدہ نہیں ہیں۔ یونی سیف کی ممبر شومنی جی آئی، آئی،ایچ،آر بنگلور نے کہا کہ ویکسین کو ایک ایک فرد تک پہونچانے کا مقصد کورونا جنگ جیتنا ہے۔ کورونا کی نئی لہر اس سے بھی خطرناک ہوسکتی ہے اس لیے ہمیں ویکسین کے ہتھیار سے لیس ہو کر تیار رہنا ہے۔ ہم مل کر یہ ثابت کریں گے کہ بنی نوع انسان کو تکلیف اور بیماری سے بچانے کیلئےہر طرح سے تیار ہیں۔چندرپّاتعلق ہیلتھ آفسر نے اپنی تقریر میں جہاں صحت بیداری کے تقاضوں پر روشنی ڈالی وہیں کورونا جیسی مہلک بیماری کے لیے ویکسین کو سب سے طاقتور ہتھیار قرار دیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں یہ بھی کہا کہ قومی ادبی انعام یافتہ شاعر و ادیب ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی نے کورونا ویکسین مہم کی بیداری کے لیے ہر سطح پر ہمارا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے ہزار طرح کی مصروفیتوں کے باوجود اس بات کی پوری کوشش کی ہے کہ ویکسین کو گھر گھر اور ایک ایک فرد تک پہونچانے کے لیے لوگوں میں بیداری لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے شکاری پور اور اس کے آس پاس کے علاقے میں جہاں بھی ویکسین کی مہم شروع کی ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی نے ہر طرح ہمارا تعاون کیا۔ اگر اسی طرح سے سماج کے دوسرے لوگ بھی تعاون کرینگے تو ہم ضرور کورونا جنگ جیت جائیںگے۔ الامین ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر خضربیگ نے ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی ادبی، تعلیمی، سماجی اور رفاہی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی ہر اچھے کام کے لیے سب سے مخلص معاون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی اپنے آپ کو خدمت کے لیے وقف کرچکے ہیں۔ آج کی کورونا مہم کو ان کی آمد اور شرکت سے بہت طاقت ملی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی جیسی شخصیت کے تعاون سے یونی سیف اور مرکز کی ویکسین مہم کو رفتار ملے گی۔ اور لوگ ہر طرح کے شک و شبہ سے باہر نکل کر ویکسین لگواکر خود کو اور اپنے خاندان، سماج، معاشرے اور ملک کو محفوظ رکھنے کی راہ پر خود اعتمادی سے آگے بڑھیں گے۔ نوید نے کہا کہ میں اسی الامین ہائی اسکول کا طالب علم ہوں، آج صحافت سے جڑا ہواہوں، اور حتی المقدور سماجی خدمات میں بھی حصہ لیتا ہوں۔ میں یہاں موجود حکومت کے سبھی افسران اور سماج کے ذمہ داروں کو یقین دلاتا ہوں کہ سارے لوگ ویکسین لیں گے اور کورونا کو ہرائیں گے۔ڈی ایس ،او،ملپّا نے کہا کہ مجھے تو سب سے پہلے الامین کا یہ ا دارہ دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی کہ الاامین جیسے ادارے میں ویکسین کیمپ کا اہتمام کیا گیاہے۔ یہ اہم بات ہے کہ آپ سبھی حضرات کورونا جیسی وباسے خود کو اور ملک کو بچانے کے لیے تعاون کررہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ حضرات طلبا، والدین، اور سماج کے ہر چھوٹے بڑے افراد کو بیدار کریں گے اور انہیں ویکسین مہم کو آگے بڑھانے پر آمادہ کریں گے۔بلدیہ کونسلر شرالکپّہ مقبول احمد نے کہا کہ جہاں تک ممکن ہوگا ہم سب مل جل کر ویکسین مہم کوتیز کرینگے۔ ایک ایک فرد کو ویکسین لینے پر آمادہ کرینگے ۔ میں آپ سبھی لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ لوگوں کے بھرم میں ڈالنے والی باتوں پر توجہ نہ دیں اور جان لیں کہ ویکسین ہماری حفاظت کے لیے بے حد ضروری ہے۔اس موقع سے انل کمار بلدیہ ممبر شرالکپّہ، ہمنت کمار چیف افسر شرالکپّہ بلدیہ ریونپّا سمنڈگپہ ، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، سوبھاگیہ شرالکپّہ ہیلتھ انچارج، ایچ کے فاؤنڈیشن کے صدرفیاض ، سکریٹری انیس الرّحمن اور گلشن زبیدہ سپروائزر انجینئر محمد شعیب اور دوسرے کئی لوگوں نے ویکسین مہم کو تیز کرنے اور لوگوں کو ویکسین لگوانے پر آمادہ کرنے اور ویکسین بیداری مہم کو گھر گھر پہونچانے کی اپیل کی۔اس جلسے میں مہمانوں کا استقبال الاامین ہائی اسکول کے استاد قطب الدین نے کیا۔ اور یہ جلسہ الاامین ہائی اسکول کے استاداسلم کے شکریہ کے ساتھ اختتام کو پہونچا۔